امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو ایک بار پھر سخت وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ تہران کیلئے وقت تیزی سے ختم ہو رہا ہے اور اسے فوری اقدامات کرنا ہوں گے۔
صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں کہاکہ ایران کو بہت تیزی سے آگے بڑھنا ہوگا، ورنہ ان کے پاس کچھ نہیں بچے گا، وقت انتہائی اہم ہے۔
امریکی صدر کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب خطے میں ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کی وجہ سے پوری دنیا متاثر ہورہی ہے، تاہم پاکستان کی درخواست پر جنگ بندی تاحال برقرار ہے۔
اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ امریکا نے ایران کے ساتھ جنگ بندی پاکستان کی درخواست پر کی۔
صدر ٹرمپ نے چین سے واپسی کے دوران ایئر فورس ون پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ میں حقیقت میں اس کے حق میں نہیں تھا لیکن ہم نے یہ پاکستان کے فائدے کے لیے کیا۔
یہ بھی پڑھیں : بیرونِ ملک ملازمت سے قبل یہ ایک کام لازمی کریں، اہم ہدایت جاری
انہوں نے پاکستان کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کے وزیراعظم اور فیلڈ مارشل شاندار لوگ ہیں۔
واضح رہے پاکستان امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کے دوسرے دور کے لیے بھرپور سفارتکاری کررہا ہے۔
اس سے قبل ایران اور امریکا کے نمائندوں کے درمیان اسلام آباد میں مذاکرات کا ایک دور ہو چکا ہے، جس میں کسی حتمی معاہدے پر اتفاق نہیں ہو سکا تھا۔
گزشتہ روز وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان اورایرانی سپیکر باقر قالیباف سے تفصیلی ملاقات کرکےمذاکرات کے حوالے تبادلہ خیال کیا ہے جبکہ ایرانی قیادت نے پاکستان سے اظہار تشکر کیا ہے۔





