مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیش نظر پاکستان نے جون کے مہینے کیلئے پیٹرولیم مصنوعات کے اسٹریٹجک ذخائر محفوظ کر لیے ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ایندھن کی فراہمی متاثر نہ ہو۔
وزارتِ پیٹرولیم کے حکام کے مطابق جون کیلئے 446 میٹرک ٹن خام تیل محفوظ کیا گیا ہے، جبکہ 201 میٹرک ٹن ڈیزل کا بھی بندوبست مکمل کر لیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ مقامی سطح پر 98 میٹرک ٹن پیٹرول حاصل کرنے کا تخمینہ لگایا گیا ہے، جبکہ 18 میٹرک ٹن جیٹ فیول بھی محفوظ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق 12 دنوں کیلئے JP-8 فیول کے ذخائر بھی محفوظ کر لیے گئے ہیں تاکہ کسی ممکنہ ہنگامی صورتحال میں سپلائی کا نظام برقرار رکھا جا سکے۔ اس کے علاوہ جون کے لیے 18 میٹرک ٹن ایل پی جی کا بندوبست بھی کر لیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق موجودہ کشیدہ صورتحال کے خاتمے کے بعد پاکستان توانائی سیکیورٹی کے حوالے سے طویل المدتی منصوبہ بندی پر بھی کام کرے گا تاکہ مستقبل میں توانائی بحران سے بچا جا سکے۔





