شمالی وزیرستان کی تحصیل شیوا میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے خلاف ایک بڑی اور کامیاب کارروائی کرتے ہوئے 18 خوارجیوں کو جہنم واصل کر دیا ہے تاہم آپریشن کے دوران بعض مقامی افراد کی جانب سے خوارج کو محفوظ راستہ دینے اور سہولت کاری کی کوششوں کی ویڈیو بھی منظرِ عام پر آئی ہے۔
سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر شیوا کے علاقے میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا جس کے دوران فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور 18 خوارجی مارے گئے۔ بدقسمتی سے اسی آپریشن کے دوران کچھ مقامی سہولت کاروں کی جانب سے ان خوارجیوں کو بچانے، انہیں گھیرے میں لے کر محفوظ راستہ فراہم کرنے اور فرار کروانے کی کوششیں دیکھنے میں آئیںجس کی ویڈیو نے دہشت گردی کے خلاف لڑائی میں مقامی سہولت کاری کو ایک بڑی رکاوٹ کے طور پر بے نقاب کر دیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ خوارج ہمیشہ کی طرح معصوم مقامی آبادی کے پیچھے چھپنے اور انہی سہولت کاروں کو انسانی ڈھال بنا کر سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ یہ خوارج اور ان کے مقامی سہولت کار نہ صرف ملک کے امن کے دشمن ہیں بلکہ اپنے مذموم مقاصد کے لیے پورے علاقے کے امن و امان کو داؤ پر لگا رہے ہیں۔
دوسری جانب سیکیورٹی فورسز نے واضح کیا ہے کہ تمام تر چیلنجز اور رکاوٹوں کے باوجود دہشت گردوں اور ان کے پشت پناہوں کے مکمل خاتمے کے لیے عزم برقرار ہے اور ملک دشمن عناصر کا چن چن کر صفایا کیا جا رہا ہے۔





