خیبرپختونخوا حکومت میدان میں آگئی، 2 لاکھ 25 ہزار ٹن گندم خریدنے کا فیصلہ

خیبرپختونخوا حکومت میدان میں آگئی، 2 لاکھ 25 ہزار ٹن گندم خریدنے کا فیصلہ

خیبرپختونخوا حکومت نے زرعی شعبے کو سہارا دینے اور کسانوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے زمینداروں سے 2 لاکھ 25 ہزار ٹن گندم خریدنے کا اعلان کیا ہے۔

مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم نے بتایا کہ صوبائی حکومت اپنے وسائل سے 3500 روپے فی من کے حساب سے گندم خریدے گی، جبکہ زمینداروں کو مال کی فراہمی کے 24 گھنٹے کے اندر ادائیگی کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد کسانوں کو ان کی محنت کا فوری اور منصفانہ معاوضہ فراہم کرنا اور گندم کی پیداوار کو سہارا دینا ہے۔

دوسری جانب پشاور میں ہونے والے ایک اہم اجلاس میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل افریدی نے صوبے میں بڑھتی ہوئی مشکلات، خصوصاً گیس کی بندش، آٹے کے بحران اور امن و امان کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ مسائل عوام کی زندگیوں کو متاثر کر رہے ہیں، جبکہ وفاق کی جانب سے صوبے کو اس کے آئینی حقوق نہ ملنے سے صورتحال مزید پیچیدہ ہو رہی ہے۔

Scroll to Top