پختون ڈیجیٹل کے ایڈیٹر کاشف الدین سید نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کے حالیہ اقدامات اور دھمکیوں پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ “پختون ڈیجیٹل” سچائی کے سفر سے ایک انچ پیچھے نہیں ہٹے گا۔
کاشف الدین سید نے اپنے بیان میں کہا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی جانب سے سرکاری افسران کو صحافیوں کے خلاف استعمال کرنے کی کوششیں اور قانونی نوٹسز کی دھمکیاں دراصل حکومت کی بوکھلاہٹ کا ثبوت ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پختون ڈیجیٹل کی انتظامیہ اور پوری ٹیم ایسی کھوکھلی دھمکیوں سے ڈرنے والی نہیں ہے اور نہ ہی ہم دب کر صحافت کرنے کے عادی ہیں۔
ایڈیٹر پختون ڈیجیٹل نے عزم ظاہر کیا کہ جہاں کہیں بھی عوامی پیسوں پر ڈاکہ ڈالا جائے گا یا کرپشن ہوگی، ہم اسے پوری قوت سے بے نقاب کرتے رہیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عوام کی ترجمانی کرنا اور کرپشن کے خلاف آواز اٹھانا ہمارا آئینی حق ہے اور کوئی بھی سرکاری نوٹس یا دھمکی ہمیں حق گوئی سے باز نہیں رکھ سکتی۔
کاشف الدین سید نے واضح کیا کہ پختون ڈیجیٹل کے لیے عوام کا اعتماد سب سے اہم ہے اور ہم ہر اس کالی بھیڑ کو بے نقاب کریں گے جو سرکاری وسائل کے غلط استعمال میں ملوث ہوگی۔ “ہم سچ کے علمبردار ہیں اور سچ کا یہ سفر ہر رکاوٹ کے باوجود جاری رہے گا۔”





