پشاور میں تھانہ چمکنی پولیس نے رات گئے علاقے کو بڑی تباہی سے بچا لیا

پشاور: تھانہ چمکنی پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے پولیس مقابلے کے دوران ایک خطرناک مبینہ سنیچر کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا، جبکہ اس کے دیگر ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ پولیس نے فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق تھانہ چمکنی کی حدود میں مشکوک افراد کی موجودگی کی اطلاع پر پولیس پارٹی نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو روکنے کی کوشش کی، تاہم ملزمان نے پولیس کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کردی۔

یہ بھی پڑھیں : پشاور: بینک ڈکیتیوں اور قتل کے مقدمات میں مطلوب ملزمان اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک

پولیس کی جانب سے بھی جوابی کارروائی کی گئی جس کے نتیجے میں ایک ملزم زخمی ہوگیا، جسے موقع پر ہی گرفتار کر لیا گیا۔

گرفتار ملزم کی شناخت میر عالم ولد نور گل سکنہ فاروق شاہ کالونی غز چوک کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس نے ملزم کے قبضے سے ایک پستول اور موٹر سائیکل بھی برآمد کر لی ہے۔

پولیس ریکارڈ کے مطابق گرفتار ملزم متعدد سنگین جرائم میں مطلوب تھا۔ اس کے خلاف ڈکیتی، راہزنی اور سنیچنگ سمیت کئی مقدمات درج ہیں۔ ملزم مختلف مقدمات میں دفعات 381A، 382 اور 392 PPC کے تحت پولیس کو مطلوب تھا۔

یہ بھی پڑھیں : خیبر پختونخوا،4 کروڑ عوام مشکلات میںمگر کوئی پوچھنے والا نہیں، چیف جسٹس ہائیکورٹ افسران پر برہم

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ زخمی ملزم کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ اس سے مزید تفتیش جاری ہے۔

دوسری جانب مقابلے کے دوران فرار ہونے والے اس کے ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے مختلف علاقوں میں سرچ اور انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں بھی جاری ہیں۔

Scroll to Top