انسٹنٹ میسجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ آئی فون صارفین کے لیے ایک نئے فیچر پر کام کر رہی ہے، جس کے ذریعے یہ آسانی سے معلوم کیا جا سکے گا کہ کون سا کانٹیکٹ آن لائن ہے اور کون حال ہی میں ایکٹیو رہا ہے۔
واٹس ایپ بِیٹا انفو کی رپورٹ کے مطابق کمپنی ایک ایسے نئے فیچر کی آزمائش کر رہی ہے جو صارفین کو ان کے آن لائن کانٹیکٹس ایک ہی جگہ پر دکھائے گا۔
اس وقت صارفین کو کسی بھی شخص کی آن لائن اسٹیٹس یا آخری سرگرمی دیکھنے کے لیے ہر چیٹ الگ سے کھولنی پڑتی ہے جہاں اوپر اس کی موجودہ حیثیت ظاہر ہوتی ہے۔
نئے فیچر کے تحت یہ عمل مزید آسان ہو جائے گا کیونکہ واٹس ایپ ایک خصوصی کانٹیکٹس حب متعارف کرانے جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: واٹس ایپ اکاؤنٹ بلاک ہونے کا خطرہ،پی ٹی اے کا صارفین کو انتباہ
اس سیکشن میں سب سے اوپر فیورٹ کانٹیکٹس نظر آئیں گے، اس کے بعد اس وقت آن لائن موجود افراد جبکہ نیچے حال ہی میں ایکٹیو رہنے والے کانٹیکٹس کی فہرست دکھائی دے گی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یہ نیا سیکشن واٹس ایپ کی سیٹنگز کے اندر دستیاب ہوگا۔ تاہم پرائیویسی کے موجودہ اصول برقرار رہیں گے یعنی صرف وہی صارفین دوسروں کی آن لائن اسٹیٹس دیکھ سکیں گے جنہوں نے خود بھی اپنی اسٹیٹس شیئرنگ کی اجازت دی ہوگی۔





