شناختی کارڈ بنوانے والوں کیلئے اہم خبر، نادرا کا نیا اعلان

نادرا نے کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ کے اجرا سے متعلق نئے قواعد و ضوابط متعارف کرا دیے ہیں، جن کے تحت پہلی مرتبہ شناختی کارڈ بنوانے والے شہریوں کیلئے دستخط فراہم کرنا اختیاری قرار دے دیا گیا ہے۔

سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق نئے نظام کے تحت اگر کوئی درخواست گزار دستخط فراہم نہیں کرتا تو شناختی کارڈ پر دستخط کے خانے میں “NA” درج کیا جائے گا۔ نادرا کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ دستخط کی جگہ انگوٹھے کا نشان یا کسی اور قسم کا متبادل نشان پرنٹ نہیں کیا جائے گا۔

نادرا حکام کے مطابق یہ فیصلہ جعل سازی اور شناختی دستاویزات کے غلط استعمال کے خدشات کے پیشِ نظر کیا گیا ہے، جبکہ انگوٹھے کے نشان کی تصاویر کو بھی شناختی کارڈ پر استعمال نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ترجمان نادرا کا کہنا ہے کہ ناخواندہ افراد اور وہ شہری جو دستخط کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتے، ان کیلئے خصوصی آگاہی مہم بھی شروع کی گئی ہے تاکہ انہیں نئے قواعد سے متعلق مکمل رہنمائی فراہم کی جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں : یوفون اور ٹیلی نار استعمال کرنے والے صارفین کیلئے بڑی خبر آگئی

نادرا نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ موبائل ایپلیکیشن کے ذریعے درخواست جمع کرواتے وقت انگوٹھے کے نشان کی تصاویر اپ لوڈ نہ کریں، کیونکہ ایسی تصاویر کو قبول نہیں کیا جائے گا۔

ادارے کی جانب سے مزید بتایا گیا ہے کہ اگر کوئی شہری بعد میں اپنے شناختی کارڈ پر دستخط شامل کرنا یا تبدیل کرنا چاہے تو اس کیلئے باقاعدہ ترمیمی درخواست جمع کروانا ہوگی۔

نادرا حکام کے مطابق نئے اقدامات کا مقصد شناختی دستاویزات کے اجرا کے نظام میں شفافیت بڑھانا، جعل سازی کی روک تھام کرنا اور شہریوں کیلئے طریقہ کار کو مزید آسان بنانا ہے۔

Scroll to Top