مکہ مکرمہ میں مناسک حج کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے، جہاں لاکھوں عازمین حج خیموں کے شہر منیٰ پہنچنا شروع ہوگئے ہیں۔ عازمین کی منیٰ روانگی کا سلسلہ آج دوپہر تک جاری رہے گا، جبکہ حجاج پیر کی رات منیٰ میں قیام کریں گے۔
حج کے رکن اعظم وقوفِ عرفہ کیلئے عازمین منگل 9 ذی الحج کو منیٰ سے میدان عرفات روانہ ہوں گے، جہاں وہ دعاؤں اور عبادات میں مصروف رہیں گے۔
دوسری جانب سعودی محکمہ موسمیات نے مناسک حج کے دوران شدید گرمی کی پیشگوئی کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ مکہ مکرمہ میں درجہ حرارت 47 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا میں نمی کا تناسب 40 فیصد تک رہنے کا امکان ہے، جبکہ کھلے علاقوں میں گرد آلود ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق سعودی حکام نے عازمین حج کو ہدایت کی ہے کہ وہ حفاظتی اصولوں پر سختی سے عمل کریں، زیادہ مقدار میں پانی استعمال کریں اور شدید گرمی میں خود کو ڈی ہائیڈریشن سے محفوظ رکھیں۔
یہ بھی پڑھیں : شناختی کارڈ بنوانے والوں کیلئے اہم خبر، نادرا کا نیا اعلان
سعودی حکام کے مطابق جمعہ کی دوپہر تک بیرون ملک سے آنے والے حجاج کی تعداد 15 لاکھ 18 ہزار سے تجاوز کر چکی تھی، جن میں سے 14 لاکھ 57 ہزار سے زائد فضائی راستے سے سعودی عرب پہنچے۔
حجاج کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے مقدس مقامات پر سایہ دار جگہوں، مسٹ فینز اور طبی سہولیات میں بھی اضافہ کر دیا گیا ہے تاکہ شدید گرمی کے دوران عازمین کو ممکنہ مشکلات سے بچایا جا سکے۔





