ایک گلاس چقندر کا جوس اور دل کی صحت میں حیران کن بہتری، تحقیق میں انکشاف

برطانیہ میں ہونے والی ایک نئی طبی تحقیق میں انکشاف کیا گیا ہے کہ روزانہ ایک گلاس چقندر کا جوس دل کی صحت کو بہتر بنانے اور بلڈ پریشر کو کنٹرول کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔

یہ تحقیق Exeter یونیورسٹی کے ماہرین نے کی، جس میں نائٹریٹ سے بھرپور چقندر کے جوس کے انسانی جسم پر اثرات کا جائزہ لیا گیا۔

تحقیق کے مطابق چقندر کا جوس منہ میں موجود بیکٹیریا کے توازن کو تبدیل کرتا ہے، جس کے نتیجے میں ایسے کیمیکل پیدا ہوتے ہیں جو بلڈ پریشر کی سطح کو کم کرنے میں مدد دیتے ہیں، خاص طور پر معمر افراد میں اس کے مثبت اثرات زیادہ نمایاں پائے گئے۔

اس کلینیکل ٹرائل میں 30 سال سے کم عمر کے 39 افراد اور 60 سے 80 سال کے درمیان کے 36 افراد کو شامل کیا گیا، جنہیں دو مختلف مراحل سے گزارا گیا۔

پہلے مرحلے میں انہیں نائٹریٹ سے بھرپور چقندر کا جوس دیا گیا جبکہ دوسرے مرحلے میں پلیسبو ڈرنک استعمال کرایا گیا۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ چقندر کے جوس کے استعمال کے بعد منہ میں موجود بیکٹیریا کی ساخت میں نمایاں تبدیلی آئی، جس سے نقصان دہ بیکٹیریا کی تعداد میں کمی اور فائدہ مند بیکٹیریا میں اضافہ دیکھا گیا۔ یہ اثرات معمر افراد میں زیادہ واضح تھے۔

تحقیق میں یہ بھی سامنے آیا کہ جن افراد میں پہلے سے بلڈ پریشر کی سطح زیادہ تھی، چقندر کا جوس استعمال کرنے کے بعد ان کے بلڈ پریشر میں کمی واقع ہوئی۔

ماہرین کے مطابق نائٹریٹ سے بھرپور غذائیں جیسے چقندر، پالک، سونف اور سلاد کے پتے جسم میں نائٹرک آکسائیڈ بنانے کے عمل کو بہتر بناتی ہیں، جو خون کی نالیوں کو کشادہ کر کے بلڈ پریشر کو متوازن رکھنے میں مدد دیتا ہے۔

یہ بھی پرھیں : اے ٹی ایم پر ایک لمحہ بھی لاپرواہی مہنگی پڑ سکتی ہے، نئی ہدایت جاری

محققین کا کہنا ہے کہ درمیانی عمر میں جسم میں قدرتی نائٹریٹ کی سطح کم ہونا شروع ہو جاتی ہے، جس کے باعث بلڈ پریشر بڑھنے کے امکانات زیادہ ہو جاتے ہیں، تاہم ایسی غذائیں اس خطرے کو کم کرنے میں مددگار ہو سکتی ہیں۔

یہ نتائج معروف سائنسی جریدے “Free Radical Biology and Medicine” میں شائع کیے گئے۔

اس سے قبل 2022 میں کوئین میری یونیورسٹی لندن کی ایک تحقیق میں بھی یہ بات سامنے آئی تھی کہ چقندر کا جوس دل کی شریانوں میں سوزش اور نقصان دہ ورم کو کم کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے، جو دل کے دورے کے خطرے کو کم کر سکتا ہے۔

Scroll to Top