گرمی نے ڈیرے ڈال دیے، مگر بادل کہاں اور کب برسیں گے؟ محکمہ موسمیات نے بتا دیا

محکمہ موسمیات کی جانب سے ملک کے مختلف علاقوں کے لیے موسم کی تازہ صورتحال جاری کی گئی ہے جس کے مطابق آئندہ دنوں میں بیشتر علاقوں میں شدید گرمی برقرار رہنے کا امکان ہے، تاہم کچھ مقامات پر بارش اور تیز ہواؤں کی پیشگوئی بھی کی گئی ہے۔

پنجاب کے زیادہ تر اضلاع شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے۔ اس کے باوجود لاہور، حافظ آباد، شیخوپورہ، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، نارووال اور ان کے گردونواح میں چند مقامات پر بارش برسنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

ماہرین کے مطابق ان علاقوں میں موسم کی شدت کے ساتھ ساتھ وقتی طور پر بارش سے کچھ بہتری بھی متوقع ہے۔

اسلام آباد اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں دن کے اوقات میں موسم شدید گرم رہے گا، جبکہ رات کے وقت مختلف مقامات پر تیز ہواؤں کے ساتھ گرج چمک اور بارش ہونے کا امکان ہے، جس سے درجہ حرارت میں وقتی کمی آسکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : یومِ تکبیر تاریخی کارنامے کی یاد دلاتا ہے، قومی اتحاد اور استقامت کی علامت ہے، مسلح افواج

خیبرپختونخوا کے زیریں اضلاع میں بھی گرمی کی شدت برقرار رہے گی، تاہم چترال، دیر، سوات، ایبٹ آباد، کوہاٹ، پشاور اور مالاکنڈ کے چند حصوں میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ ان علاقوں میں کہیں کہیں بادل برسنے سے موسم قدرے خوشگوار ہو سکتا ہے۔

دوسری جانب سندھ اور بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم مجموعی طور پر گرم اور خشک رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جہاں بارش کا کوئی خاص امکان نہیں بتایا گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک بھر میں گرمی کی یہ لہر جاری رہے گی، تاہم چند علاقوں میں بارش کے باعث وقتی طور پر موسم میں تبدیلی دیکھی جا سکتی ہے۔

Scroll to Top