عید کے پہلے دن ریسکیو 1122 کا بڑا رسپانس، 677 ایمرجنسیز میں بروقت امدادی کارروائیاں

اعجاز آفریدی

پشاور: عید الاضحیٰ کے پہلے روز ریسکیو 1122 نے صوبہ بھر میں بھرپور اور بروقت امدادی کارروائیاں کرتے ہوئے مختلف نوعیت کی 677 ایمرجنسیز میں شہریوں کو فوری ریلیف فراہم کیا۔

ڈائریکٹر جنرل ریسکیو 1122 شاہ فہد کے مطابق عید کے پہلے دن ریسکیو ٹیموں نے مجموعی طور پر 122 روڈ ٹریفک حادثات پر فوری رسپانس کیا اور متعدد زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتالوں میں منتقل کیا۔

انہوں نے بتایا کہ صوبہ بھر میں 453 میڈیکل ایمرجنسیز پر بھی ریسکیو اہلکاروں نے بروقت کارروائیاں انجام دیں، جس کے دوران مریضوں کو موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔

اسی طرح عید کے پہلے روز 47 آتشزدگی کے واقعات رپورٹ ہوئے جن پر ریسکیو ٹیموں نے فوری قابو پا کر بڑے نقصانات سے بچا لیا۔

ریسکیو 1122 کے مطابق مختلف اضلاع میں 16 تشدد کے واقعات اور 2 عمارت گرنے کے حادثات میں بھی امدادی کارروائیاں مکمل کی گئیں، جبکہ 36 دیگر ایمرجنسیز میں بھی شہریوں کو فوری مدد فراہم کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں : پشاور میں منشیات کے خلاف بڑا آپریشن، گاڑی سے منشیات کی بھاری کھیپ برآمد

اعداد و شمار کے مطابق عید کے پہلے روز مجموعی طور پر 629 افراد کو ریسکیو کر کے محفوظ مقامات اور ہسپتالوں تک منتقل کیا گیا۔

ضلعی سطح پر سب سے زیادہ ایمرجنسیز پشاور میں رپورٹ ہوئیں جہاں 129 واقعات پیش آئے اور ریسکیو 1122 کی ٹیمیں مکمل طور پر الرٹ رہیں۔ اس کے علاوہ مردان میں 87 اور نوشہرہ میں 49 ایمرجنسیز پر فوری کارروائیاں کی گئیں۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ عید تعطیلات کے دوران سیاحتی مقامات، اہم شاہراہوں اور حساس علاقوں میں خصوصی ٹیمیں ہائی الرٹ پر ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری ردعمل دیا جا سکے۔

ترجمان ریسکیو 1122 کے مطابق ادارہ عید کے دنوں میں عوام کو محفوظ اور فوری امداد کی فراہمی کے لیے مسلسل فیلڈ میں موجود رہے گا۔

Scroll to Top