ایٹمی پروگرام پر سمجھوتہ نہیں کریں گے، گورنر خیبرپختونخوا نے بھٹو کا تاریخی مؤقف یاد دلا دیا

اعجاز آفریدی

یومِ تکبیر کے موقع پر گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے اپنے خصوصی پیغام میں پوری پاکستانی قوم اور افواجِ پاکستان کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی قوم آج یومِ تکبیر بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ منا رہی ہے۔

گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے کی بنیاد قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو نے رکھی تھی، جنہوں نے واضح مؤقف اپناتے ہوئے کہا تھا کہ ’’گھاس کھا لیں گے مگر ایٹمی پروگرام پر سمجھوتہ نہیں کریں گے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے بھی پاکستان کو میزائل ٹیکنالوجی دے کر ملکی دفاع کو مزید مضبوط بنایا۔

فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ معرکۂ حق میں کامیابی سیاسی اور عسکری قیادت کے اتحاد کا نتیجہ تھی جبکہ افواجِ پاکستان کی جانب سے بھارت کو شکست دینا ملک کے مضبوط دفاع کا ثبوت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ امن کی بات کی اور خطے سمیت دنیا بھر میں امن کے فروغ کے لیے مثبت کردار ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی طاقتوں کی جانب سے پاکستان اور فیلڈ مارشل کی تعریف دراصل پاکستان کی امن پسندی کا اعتراف ہے۔

یہ بھی پڑھیں : عید کے پہلے دن ریسکیو 1122 کا بڑا رسپانس، 677 ایمرجنسیز میں بروقت امدادی کارروائیاں

گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ پاکستان ایٹمی قوت ہونے کے باوجود ہمیشہ مذاکرات اور امن کی راہ پر گامزن رہا۔ انہوں نے کہا کہ آج اسلام آباد میں امریکہ اور ایران کو مذاکرات کی میز پر بٹھانا پاکستان کی ایک بڑی سفارتی کامیابی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ فیلڈ مارشل امن معاہدے کے لیے شب و روز کوششیں کر رہے ہیں جبکہ صدرِ پاکستان، وزیرِ اعظم اور پوری سیاسی قیادت عالمی امن کے قیام کے لیے سرگرم عمل ہے۔

فیصل کریم کنڈی نے اپنے پیغام کے اختتام پر کہا کہ وہ وقت دور نہیں جب دنیا کا ایک بڑا امن معاہدہ سرزمینِ پاکستان پر طے پائے گا۔

Scroll to Top