وفاقی بجٹ،تنخواہ دار طبقے کے لیےڈبل خوشخبری متوقع

وفاقی بجٹ،تنخواہ دار طبقے کے لیےڈبل خوشخبری متوقع

وفاقی حکومت نے مالی سال 27-2026 کا بجٹ اگلے ماہ 5 جون کو پیش کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے جس میں سرکاری ملازمین اور تنخواہ دار طبقے کے لیے اہم ریلیف کی تجاویز شامل کی گئی ہیں۔

اس سلسلے میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاس طلب کرنے کی باقاعدہ منظوری دے دی ہے۔

طے شدہ شیڈول کے مطابق بجٹ پیش کیے جانے سے ایک روز قبل یعنی 4 جون کوقومی اقتصادی سروے جاری کیا جائے گا، جبکہ 5 جون کو وفاقی کابینہ کے خصوصی اجلاس میں بجٹ تجاویز کی حتمی منظوری دی جائے گی۔

ذرائع نے نجی ٹی وی کو بتایا ہے کہ نئے بجٹ میں تنخواہ دار طبقے کے لیے دوہری خوشخبری متوقع ہے۔ پہلی تجویز کے مطابق سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں تقریباً 10 فیصد اضافے پر غور کیا جا رہا ہے۔ دوسری اہم تجویز یہ ہے کہ ملازمین کو دیے جانے والے 4 ایڈہاک الاؤنسز میں سے ایک کو بنیادی تنخواہ (Basic Pay) میں ضم کر دیا جائے جس سے پنشن اور دیگر مراعات میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا۔

بجٹ میں متوسط طبقے کو ریلیف دینے کے لیے انکم ٹیکس سلیب میں تبدیلی بھی زیر غور ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ماہانہ ایک سے دو لاکھ روپے کمانے والے افراد کو ٹیکس میں رعایت دی جا سکتی ہے جبکہ سالانہ 12 سے 22 لاکھ روپے آمدن والے تنخواہ دار طبقے کے لیے انکم ٹیکس کی شرح میں کمی متوقع ہے تاکہ بڑھتی ہوئی مہنگائی کے اثرات کو کم کیا جا سکے۔

Scroll to Top