چین کے ایک ہائی اسکول کے طلبا نے اپنی غیر معمولی ذہانت اور انجینئرنگ کی مہارت کا لوہا منواتے ہوئے دنیا کا سب سے بڑا ریموٹ کنٹرول (آر سی) کاغذی جہاز تیار کر کے گنیز ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کر لیا ہے۔
شین ژین ژیلی مڈل اسکول کے ان ہونہار طلبا نے چھ ماہ کی مسلسل محنت کے بعد ایک ایسا دیوہیکل طیارہ بنایا جو نہ صرف سائز میں بڑا ہے بلکہ مکمل طور پر فعال بھی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اس تاریخی کاغذی جہاز کے پروں کی چوڑائی 6.06 میٹر اور فیوزلاج کی لمبائی 5.06 میٹر ہے، جس کا رواں ماہ کامیاب تجربہ کیا گیا۔
تجرباتی پرواز کے دوران یہ طیارہ تقریباً 15 منٹ تک فضا میں بلند رہا اور انتہائی مہارت کے ساتھ لینڈنگ کرنے میں بھی کامیاب رہا۔ منصوبے کے چیف ڈیزائنر اور پائلٹ، ژو جونجیے (Zhou Junjie) کا کہنا ہے کہ ٹیم نے روایتی کاغذی جہاز کے اصولوں کو جدید انجینئرنگ ٹیکنالوجی کے ساتھ ملا کر یہ مستحکم ماڈل تیار کیا ہے۔
اسکول کے ماڈل ایئرکرافٹ کلب کے انسٹرکٹر کے مطابق اس منصوبے کا سب سے بڑا چیلنج جہاز کا سائز تھا، کیونکہ اتنے بڑے طیارے میں زاویے یا مرکزِ ثقل (Center of Gravity) میں معمولی سی تبدیلی بھی اسے ناکارہ بنا سکتی تھی۔ حیرت انگیز طور پر اس ٹیم کے ارکان کی اوسط عمر محض 16 برس* ہے، لیکن انہوں نے ان پیچیدہ انجینئرنگ چیلنجز پر قابو پایا جو عام طور پر ماہرین کے لیے بھی مشکل سمجھے جاتے ہیں۔
اس سے قبل یہ ٹیم چائنا انٹرنیشنل ایئرکرافٹ ڈیزائن چیلنج میں چیمپئن شپ بھی جیت چکی ہے، جس نے انہیں اس عالمی ریکارڈ کے حصول کے لیے حوصلہ فراہم کیا۔





