عید الاضحیٰ پر کاغان میں سیاحوں کا رش، کتنے لاکھ افراد پہنچے؟ تعداد حیران کن نکلی

عید الاضحیٰ پر کاغان میں سیاحوں کا رش، کتنے لاکھ افراد پہنچے؟ تعداد حیران کن نکلی

عید الاضحیٰ تعطیلات میں کاغان میں سیاحوں کا ریکارڈ رش، ایک لاکھ سے زائد افراد وادی پہنچ گئے۔

عید الاضحیٰ کی تعطیلات کے دوران وادی کاغان میں سیاحوں کی غیر معمولی آمد ریکارڈ کی گئی، جہاں تین دنوں میں ایک لاکھ 28 ہزار 862 سیاحوں نے وادی کا رخ کیا۔ سیاحوں میں بڑی تعداد میں مقامی افراد کے ساتھ ساتھ غیر ملکی سیاح بھی شامل تھے۔

پختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق عید تعطیلات کے دوران کاغان ملک بھر کے سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنا رہا، جہاں ہزاروں افراد نے ٹھنڈے موسم، قدرتی حسن، دلکش جھیلوں اور برف پوش پہاڑوں سے لطف اٹھایا۔

وادی کاغان کے مشہور مقامات پر سیاح دریائے کنہار کے شفاف پانی، خوبصورت آبشاروں، گلیشیئرز اور سرسبز مناظر سے محظوظ ہوتے نظر آئے۔ خوشگوار موسم نے سیاحوں کے تجربے کو مزید یادگار بنا دیا۔

دوسری جانب کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے سیاحوں کی سہولت کے لیے مختلف مقامات پر عملہ تعینات کیا گیا تھا جو رہنمائی اور امدادی خدمات فراہم کرتا رہا۔

انتظامیہ کے مطابق عید کے دنوں میں سیاحوں کے بڑھتے ہوئے رش کے باوجود مجموعی طور پر صورتحال پرامن رہی اور تمام انتظامات کو بہتر انداز میں سنبھالا گیا۔

Scroll to Top