خیبرپختونخوا اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر عباد اللہ خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی رہنما جنید اکبر کے ساتھ جو بھی معاملہ پیش آیا، وہ قانونی نوعیت کا ہے اور سب کو قانون پر عمل کرنا چاہیے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن اس حوالے سے اپنا مؤقف اور جواب بھی دے چکا ہے، لہٰذا قانونی عمل کا احترام کیا جانا چاہیے۔
ڈاکٹر عباد اللہ خان کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان میں تمام سیاسی جماعتوں کو یکساں مواقع حاصل ہیں، ہر پارٹی کے جھنڈے لگے ہوئے ہیں اور انتخابی جلسے بھی منعقد ہو رہے ہیں، اس لیے لیول پلیئنگ فیلڈ نہ ہونے کا تاثر درست نہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ناراض اراکین اسمبلی کو منانے کا مشن، وزیراعلیٰ سہیل آفریدی متحرک،ایم پی ایز سے رابطے
انہوں نے کہا کہ انتخابات میں ہر سیاسی جماعت کو حصہ لینا چاہیے، تاہم ان کے بقول پاکستان تحریک انصاف کے پاس امیدواروں کی کمی ہے اور اسی وجہ سے بیانیہ بنانے کے لیے غیر ضروری شور شرابا کیا جا رہا ہے۔
اپوزیشن لیڈر نے زور دیا کہ جمہوری عمل کے استحکام کے لیے تمام سیاسی قوتوں کو انتخابی میدان میں بھرپور حصہ لینا چاہیے





