پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شفیع جان نے پارٹی میں گروپ بندی اور اختلافات کے تمام دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کو تمام اراکین اسمبلی کا مکمل اعتماد حاصل ہے۔
نجی ٹی وی پروگرام میں شفیع جان نے کہا کہ سہیل آفریدی بانی پی ٹی آئی کے نامزد کردہ وزیراعلیٰ ہیں اور تمام ایم پی ایز ان کی قیادت میں متحد ہیں۔
انہوں نے 27 اراکین کی مبینہ مخالفت کے دعوؤں کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ اگر واقعی ایسا ہے تو دو افراد کے نام ہی سامنے لائے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں آج بھی بانی پی ٹی آئی کا بیانیہ اور فیصلہ ہی اہمیت رکھتا ہے جبکہ جو بھی اس لائن سے ہٹے گا اس کی سیاست ختم ہو جائے گی۔ شفیع جان نے محمود خان اور پرویز خٹک کو اس کی مثال قرار دیا۔
یہ بھی پڑھیں: پارلیمانی پارٹی اجلاس سے قبل صوبائی وزیر شفیع جان کا اہم بیان سامنے آگیا
ان کا کہنا تھا کہ اختلافات سے متعلق تمام قیاس آرائیاں بے بنیاد ہیں، سینیٹ انتخابات سمیت ہر اہم موقع پر اراکین اسمبلی ایک پیج پر رہے ہیں اور آج بھی بانی پی ٹی آئی کے بیانیے کے ساتھ کھڑے ہیں۔
شفیع جان نے مزید کہا کہ پارٹی قیادت اور اراکین کے درمیان مکمل ہم آہنگی موجود ہے اور پارلیمانی پارٹی اجلاس کے بعد تمام افواہیں خود بخود دم توڑ جائیں گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے اپنے حالیہ بیان میں کسی فرد کا نام نہیں لیا، جبکہ اگر کبھی فارورڈ بلاک بنا تو اس میں شامل افراد کے نام بھی سامنے آ جائیں گے





