شاہد جان
پشاور: پاکستان تحریک انصاف خیبرپختونخوا نے تنظیمی سطح پر اہم تبدیلی کرتے ہوئے شوکت یوسفزئی کو صوبائی سیکرٹری اطلاعات مقرر کر دیا ہے۔ اس حوالے سے باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق یہ تقرری صوبائی جنرل سیکرٹری علی اصغر کی جانب سے جاری کی گئی، جس کے بعد شوکت یوسفزئی کو صوبائی سیکرٹری اطلاعات کی ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ اس وقت کیا گیا جب ملک عادل اقبال نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاونِ خصوصی کے طور پر تقرری کے بعد صوبائی سیکرٹری اطلاعات کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔
پارٹی ذرائع کے مطابق تنظیمی ڈھانچے میں یہ تبدیلی پارٹی قیادت کی ہدایات کے مطابق کی گئی ہے، جس کے تحت حکومتی عہدوں پر تعینات پارٹی رہنماؤں کو تنظیمی ذمہ داریوں سے علیحدہ ہونے کی ہدایت دی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا پی ٹی آئی اجلاس: 25 سے 30 اراکین غائب، اصل وجہ کیا ہے؟
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ پارٹی کے اندر تنظیمی اور حکومتی عہدوں کو الگ رکھنے کی پالیسی پر عمل درآمد کیا جا رہا ہے تاکہ انتظامی امور اور پارٹی تنظیمی معاملات میں شفافیت اور مؤثریت برقرار رکھی جا سکے۔
شوکت یوسفزئی کی تقرری کو پارٹی کے اندر اطلاعاتی شعبے میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جس کے بعد توقع کی جا رہی ہے کہ خیبرپختونخوا میں پارٹی کی میڈیا حکمت عملی مزید فعال ہو گی۔
پارٹی قیادت کے مطابق یہ تبدیلی تنظیمی نظم و ضبط کو بہتر بنانے اور ذمہ داریوں کی واضح تقسیم کے لیے کی جا رہی ہے۔





