اسلام آباد: حکومت نے آئندہ مالی سال کے لیے پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) کے تحت 1126 ارب روپے مختص کرنے کا تخمینہ تیار کر لیا ہے، جس کا مقصد ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل، بنیادی ڈھانچے کی بہتری اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے۔
دستیاب تفصیلات کے مطابق توانائی کے شعبے کے منصوبوں کے لیے 135 ارب روپے مختص کرنے کا تخمینہ لگایا گیا ہے، جبکہ آبی وسائل کے منصوبوں پر 140 ارب روپے خرچ کیے جانے کا امکان ہے۔
اسی طرح ٹرانسپورٹ اور کمیونیکیشن کے شعبے کو سب سے زیادہ اہمیت دیتے ہوئے اس کے لیے 408 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے تاکہ ملک بھر میں مواصلاتی اور سفری سہولیات کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔
سماجی شعبے کی ترقی کے لیے بھی 187 ارب روپے خرچ کرنے کا تخمینہ لگایا گیا ہے، جس کے تحت تعلیم، صحت اور دیگر فلاحی منصوبوں پر سرمایہ کاری کی جائے گی۔
معاشی اہداف کے حوالے سے آئندہ مالی سال میں مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) کی شرح نمو 4 فیصد رکھنے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ اس کے علاوہ اہم فصلوں کی پیداوار میں 3.6 فیصد اضافے اور صنعتی شعبے کی ترقی 4 فیصد تک لے جانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : مہنگائی کے ستائے عوام کیلئے بری خبر، تازہ اعدادوشمار جاری
دستاویزات کے مطابق رواں مالی سال کے دوران جی ڈی پی گروتھ 3.7 فیصد ریکارڈ کی گئی، تاہم مقررہ ہدف حاصل نہیں کیا جا سکا۔
آئندہ مالی سال کے لیے لارج اسکیل مینوفیکچرنگ (LSM) کی شرح نمو کا ہدف 4.5 فیصد مقرر کرنے کی تجویز بھی سامنے آئی ہے۔





