پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج عالمی یومِ جمہوریت منایا جارہا ہے، اس موقع پر اپنے ایک خصوصی پیغام میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے جمہوری قدروں، آئین کی بالادستی اور انسانی حقوق کے تحفظ کے عزم کو دہراتے ہوئے کہا ہے کہ آئینِ پاکستان تمام شہریوں کے بنیادی انسانی حقوق کا اصل محافظ ہے۔
وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ عالمی یومِ جمہوریت مساوات، انصاف، آزادی، عوامی رائے کے احترام اور قانون کی بالادستی جیسے بنیادی اصولوں سے وابستگی کی تجدید کا دن ہے۔ جمہوری نظام میں اقتدار اور اختیارات عوام کے منتخب نمائندوں کے پاس ہوتے ہیں، جنہیں صرف عوامی بہبود کے لیے استعمال کیا جانا چاہیے، جبکہ پارلیمان عوام کی حقیقی نمائندگی کرنے والا ملک کا مرکزی اور اعلیٰ ترین ادارہ ہے۔
انہوں نے آئین کے کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ آئین ریاست اور شہریوں کے تعلق کا تعین کرتا ہے اور اس کا آرٹیکل 25 بلا تفریق تمام شہریوں کو مساوی حقوق اور قانون کی نظر میں برابری کی ضمانت دیتا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کا وفاقی پارلیمانی جمہوری نظام اسلامی اصولوں اور عصری تقاضوں کے مطابق قانون سازی کا اختیار دیتا ہے تاکہ عوام کی امنگوں کے مطابق قوانین بنائے جا سکیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے خواتین اور اقلیتوں کے حقوق کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آئین قومی زندگی میں خواتین کی مکمل شرکت کی ضمانت دیتا ہے اور ان کے ساتھ ساتھ غیر مسلم اقلیتوں کے لیے بھی وفاقی و صوبائی قانون ساز اداروں میں مخصوص نشستیں مختص کی گئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ملک میں بڑھتی لوڈشیڈنگ پر وزیراعظم برہم، اہم ہدایات جاری کر دیں
انہوں نے عالمی سطح پر اقوام متحدہ کے پائیدار ترقی کے اہداف اور جمہوری اصولوں کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے قوم سے اپیل کی کہ ایک خوشحال اور مضبوط پاکستان کے لیے جمہوری اقدار اور شہریوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کا مشترکہ سفر جاری رکھا جائے۔





