اسلام آباد: پاکستان نے لبنان پر اسرائیلی حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے انہیں بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا ہے اور خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی مندوب عاصم افتخار نے لبنان میں اسرائیلی کارروائیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پائیدار امن صرف مذاکرات اور سفارتی حل کے ذریعے ہی ممکن ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان لبنان کی حکومت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے اور خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھے گا۔
عاصم افتخار کے مطابق لبنان میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، جو نہ صرف انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے بلکہ خطے میں امن کے تمام اقدامات کو بھی نقصان پہنچا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : خیالوں کی دنیا میں کھو جانا: کب یہ عادت خطرناک بن جاتی ہے؟
پاکستانی مندوب نے زور دیا کہ اسرائیلی حملے مشرق وسطیٰ میں امن و استحکام کے لیے جاری کوششوں کو متاثر کر رہے ہیں، اس لیے عالمی برادری کو اس صورتحال پر سنجیدہ توجہ دینی چاہیے۔
پاکستان نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ تنازعات کا حل صرف بات چیت اور سفارت کاری کے ذریعے ہی ممکن ہے اور طاقت کے استعمال سے خطے میں امن قائم نہیں ہو سکتا۔





