اسلام آباد: پاکستان اور اٹلی کے درمیان سفارتی تعلقات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں دونوں ممالک نے سفارتی پاسپورٹس پر ویزا شرط ختم کرنے کے معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں۔
معاہدے کے مطابق اب دونوں ممالک کے سفارتی پاسپورٹ ہولڈرز کو ایک دوسرے کے ملک میں سفر کے لیے ویزا کی ضرورت نہیں ہوگی، جس سے سرکاری سطح پر سفری سہولتوں میں نمایاں اضافہ ہوگا۔
روم میں پاکستانی سفارتخانےکے مطابق یہ اقدام پاکستان اور اٹلی کے دوطرفہ تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے عزم کا حصہ ہے۔ دونوں ممالک نے اقوام متحدہ، یورپی یونین سمیت تمام عالمی فورمز پر باہمی تعاون اور مشترکہ حکمت عملی جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا ہے۔
سفارتخانے کے مطابق معاہدے کی روشنی میں سفارتی پاسپورٹ رکھنے والے افراد اب بغیر ویزا ایک دوسرے کے ملک کا سفر کر سکیں گے۔
یہ بھی پڑھیں : سہیل آفریدی کا قومی اسمبلی کے سامنے دھرنا دینے اور بجٹ منظور نہ ہونے دینے کا اعلان
اطالوی حکومت نے پاکستان کے لیے روزگار کے مواقع میں اضافہ کرتے ہوئے 10 ہزار 500 ملازمتوں کا کوٹہ بھی مختص کیا ہے، جس سے پاکستانی شہریوں کو اٹلی میں قانونی روزگار کے نئے مواقع حاصل ہوں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور اٹلی کے درمیان تجارت، ثقافت، سائنس و ٹیکنالوجی اور دفاع سمیت مختلف شعبوں میں تعاون پہلے سے جاری ہے، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان 15 دوطرفہ معاہدے بھی فعال ہیں۔





