عالمی فٹبال میلے میں صرف 7 دن باقی، میزبان ممالک میں تیاریاں عروج پر

نیویارک: فیفا ورلڈ کپ کے آغاز میں صرف سات روز باقی رہ گئے ہیں، جبکہ میگا ایونٹ میں شرکت کرنے والی ٹیموں کی امریکا، کینیڈا اور میکسیکو آمد کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے۔

تفصیلات کے مطابق عالمی فٹبال کے سب سے بڑے ٹورنامنٹ کے لیے مختلف ممالک کی ٹیمیں میزبان ممالک پہنچنا شروع ہو گئی ہیں۔ برازیل کی قومی فٹبال ٹیم امریکا پہنچ چکی ہے، جبکہ نیویارک میں ورلڈ کپ ٹرافی کی رونمائی بھی کی گئی۔

دوسری جانب ایرانی فٹبال ٹیم کو میکسیکو کے ویزے جاری کر دیے گئے ہیں۔ ایونٹ کے دوران میکسیکو ایرانی ٹیم کے بیس کیمپ کے طور پر استعمال ہوگا۔

ذرائع کے مطابق ایرانی ٹیم اس وقت ترکیے میں موجود ہے اور 6 جون کو میکسیکو روانہ ہوگی، جہاں وہ ورلڈ کپ کی تیاریوں کو حتمی شکل دے گی۔

یہ بھی پڑھیں : ایران امریکا مذاکرات کس مرحلے میں داخل ہو گئے؟ تفصیلات سامنے آگئیں

فیفا ورلڈ کپ کی تاریخ میں پہلی بار 48 ٹیمیں ٹورنامنٹ میں حصہ لیں گی، جبکہ ریکارڈ 1248 کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے۔

فٹبال کا یہ عالمی میلہ 11 جون سے 19 جولائی تک امریکا، کینیڈا اور میکسیکو میں جاری رہے گا، جس میں دنیا بھر کے شائقین کی نظریں اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں اور ٹیموں پر مرکوز ہوں گی۔

Scroll to Top