گلگت بلتستان میں انتخابی مہم کا وقت ختم، پولنگ 7 جون کو ہوگی

گلگت بلتستان اسمبلی کے عام انتخابات کے لیے جاری انتخابی مہم کا وقت ختم ہوگیا ہے، اور رات 12 بجے کے بعد کسی بھی قسم کی انتخابی سرگرمی پر پابندی عائد ہو گئی ہے۔

الیکشن کمیشن کے شیڈول کے مطابق گلگت بلتستان اسمبلی کی 24 نشستوں پر پولنگ 7 جون کو ہوگی، جس کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

انتخابات میں مجموعی طور پر 403 امیدوار حصہ لے رہے ہیں۔ ان میں 396 مرد اور 8 خواتین امیدوار شامل ہیں، جبکہ 266 آزاد امیدوار بھی انتخابی میدان میں موجود ہیں۔

انتخابی عمل کے دوران مجموعی طور پر 9 لاکھ 58 ہزار 480 ووٹر اپنے حقِ رائے دہی کا استعمال کریں گے۔ پولنگ کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، جس کے تحت پولیس اور گلگت بلتستان اسکاوٹس کے اہلکار تعینات ہوں گے تاکہ امن و امان کی صورتحال برقرار رکھی جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں : گلگت بلتستان: ہسپر ہوپر گلیشیئر کے پگھلنے سے پانی کے بہاؤ میں اضافہ، این ڈی ایم اے کا الرٹ جاری

سیاسی جماعتوں کی جانب سے بھی بھرپور حصہ لیا جا رہا ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی 23، پاکستان مسلم لیگ (ن) 22، استحکامِ پاکستان پارٹی 15، پاکستان مسلم لیگ 11 اور جمعیت علمائے اسلام (ف) 9 امیدواروں کے ساتھ انتخابی دوڑ میں شامل ہیں۔

اس کے علاوہ مجلس وحدت مسلمین 7، جماعت اسلامی اور ایم کیو ایم کے 6، 6 امیدوار میدان میں ہیں۔

انتظامیہ کے مطابق انتخابات پرامن اور شفاف بنانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں اور حساس پولنگ اسٹیشنز پر خصوصی نگرانی بھی رکھی جائے گی۔

Scroll to Top