گلگت بلتستان: ہسپر ہوپر گلیشیئر کے پگھلنے سے پانی کے بہاؤ میں اضافہ، این ڈی ایم اے کا الرٹ جاری

گلگت بلتستان میں ہسپر ہوپر گلیشیئر کے پگھلنے کے باعث پانی کے بہاؤ میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے پیش نظر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے الرٹ جاری کرتے ہوئے متعلقہ اداروں اور شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق ہسپر ہوپر کے مقام پر دریا میں پانی کی سطح اچانک بلند ہوئی ہے، جس کے باعث ممکنہ خطرات کے پیش نظر صورتحال پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔

ادارے کا کہنا ہے کہ متعلقہ حکام مسلسل صورتحال کی نگرانی کر رہے ہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔

این ڈی ایم اے نے مقامی انتظامیہ کو دریا کے کنارے آباد آبادیوں کے تحفظ کے لیے فوری اور مؤثر حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت جاری کر دی ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ نقصان سے بچا جا سکے۔

ادارے نے ضلع گلگت کے مختلف علاقوں کے رہائشیوں کو خصوصی طور پر محتاط رہنے کی تاکید کی ہے۔ ان علاقوں میں گرو جگلوٹ، رحیم آباد، نومل، جوتل، جگلوٹ کالونی اور چلمش شامل ہیں، جہاں کے مکینوں کو صورتحال کے پیش نظر غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز اور حفاظتی ہدایات پر عمل کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : تمغہ امتیاز یافتہ نشانہ باز محسن نواز کا اپنا قومی اعزاز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے نام کرنے کا اعلان

این ڈی ایم اے نے مسافروں کو بھی محتاط رہنے اور سفر کے دوران ضروری حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ادارے کا کہنا ہے کہ شہری اور مسافر تازہ ترین معلومات اور حفاظتی الرٹس کے حصول کے لیے پاک این ڈی ایم اے الرٹ ایپ سے استفادہ کریں۔

حکام کے مطابق صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے اور ضرورت پڑنے پر مزید ہدایات جاری کی جائیں گی۔

Scroll to Top