گلگت بلتستان انتخابات، غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج موصول ہونا شروع ہوگئے

گلگت بلتستان اسمبلی کی 24 نشستوں پر امیدواروں کے انتخاب کے لیے پولنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے۔

ان انتخابات میں مجموعی طور پر 403 امیدواروں نے حصہ لیا جن میں 396 مرد اور 8 خواتین امیدوار شامل ہیں، جبکہ پولنگ کا عمل صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہا۔

غیر حتمی اور غیر سرکاری تنائج کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن نے 7حلقوں میں باقی سیاسی جماعتوں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

حاصل ہونے والے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق جی بی اے 7 اسکردو کے تمام 31 پولنگ اسٹیشنز کا نتیجہ سامنے آ گیا ہے جس کے تحت پیپلز پارٹی کے سید توقیر مہدی 4500 ووٹ لے کر کامیاب ہو گئے ہیں، جبکہ استحکام پاکستان پارٹی کے راجا جلال حسین خان 4056 ووٹ حاصل کر کے دوسرے نمبر پر رہے۔

جی بی اے 24 گھانچے 3 کے بھی تمام 46 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج مکمل ہو چکے ہیں، جہاں سے آزاد امیدوار اسد شفیق 8092 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے ہیں اور پیپلز پارٹی کے محمد اسماعیل 5072 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے ہیں۔

دیگر حلقوں سے موصول ہونے والے جزوی نتائج کے مطابق جی بی اے 1 گلگت 1 کے 80 میں سے 5 پولنگ اسٹیشنز پر پیپلز پارٹی کے امجد حسین 873 ووٹ لے کر پہلے جبکہ مسلم لیگ ن کے محمد شفیق الدین 473 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر ہیں۔ جی بی اے 2 گلگت 2 کے 91 میں سے 27 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن کے حفیظ الرحمان 4129 ووٹوں کے ساتھ پہلے اور پیپلز پارٹی کے جمیل احمد 2695 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر ہیں۔ جی بی اے 3 گلگت 3 کے 82 میں سے 39 پولنگ اسٹیشنز میں مسلم لیگ ن کے محمد اقبال 4452 ووٹ لے کر آگے اور آزاد امیدوار سید سہیل عباس 3765 ووٹوں کے ساتھ پیچھے ہیں۔

اسی طرح جی بی اے 4 نگر 1 میں 53 میں سے 46 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی کے محمد علی اختر 6174 ووٹ لے کر سب سے آگے ہیں جبکہ اسلامی تحریک پاکستان کے محمد ایوب وزیری 5467 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔ جی بی اے 5 نگر 2 کے 32 میں سے 10 پولنگ اسٹیشنز پر آزاد امیدوار جہانگیر شاہ 743 ووٹ لے کر سبقت حاصل کیے ہوئے ہیں اور مسلم لیگ ن کے جاوید علی منوا 560 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔ جی بی اے 6 ہنزہ کے 88 میں سے 77 پولنگ اسٹیشنز کے مطابق آزاد امیدوار نیک نام کریم 5612 ووٹ حاصل کر کے پہلے اور پیپلز پارٹی کے امتیاز الحق 4540 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر ہیں۔

بلتستان ریجن کے دیگر حلقوں میں جی بی اے 8 اسکردو 2 کے 70 میں سے 8 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج کے تحت مجلس وحدت مسلمین کے محمد کاظم 1228 ووٹ لے کر آگے اور پیپلز پارٹی کے سید محمد علی شاہ 936 ووٹ لے کر پیچھے ہیں۔ جی بی اے 9 اسکردو 3 کے 54 میں سے 16 پولنگ اسٹیشنز پر پیپلز پارٹی کے فدا محمد ناشاد 3173 ووٹ لے کر پہلے جبکہ آزاد امیدوار وزیر محمد سلیم 2039 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔ جی بی اے 10 اسکردو 4 میں 51 میں سے 9 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج کے مطابق مجلس وحدت مسلمین کے مشتاق حسین 1059 ووٹ لے کر آگے اور پیپلز پارٹی کے ناصر علی خان 947 ووٹوں کے ساتھ پیچھے ہیں۔ جی بی اے 11 کھرمنگ کے 51 میں سے 9 پولنگ اسٹیشنز کے مطابق پیپلز پارٹی کے اقبال حسن 1174 ووٹ لے کر پہلے جبکہ آزاد امیدوار شجاعت حسین 758 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔ جی بی اے 12 شگر میں 71 میں سے 30 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج کے تحت پیپلز پارٹی کے عمران ندیم 5519 ووٹوں کے ساتھ پہلے اور اسلامی تحریک پاکستان کے راجا محمد اعظم خان 3474 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر ہیں۔

استور اور دیامر کے حلقوں سے موصولہ نتائج کے مطابق جی بی اے 13 استور 1 کے 57 میں سے 36 پولنگ اسٹیشنز پر مسلم لیگ ن کے رانا فرمان علی 4368 ووٹ لے کر آگے جبکہ آزاد امیدوار شاہدہ 4312 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر ہیں۔ جی بی اے 17 دیامر 3 کے 46 میں سے 6 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی کے محمد نسیم 1306 ووٹ لے کر آگے اور آزاد امیدوار عبدالکریم 803 ووٹوں کے ساتھ پیچھے ہیں۔ جی بی اے 18 دیامر 4 کے 32 میں سے 25 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج سامنے آ چکے ہیں جہاں مسلم لیگ ن کے کفایت الرحمان 3631 ووٹ حاصل کر کے پہلے اور استحکام پاکستان پارٹی کے گلبر خان 3298 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر ہیں۔

غذر اور گھانچے کے دیگر حلقوں میں جی بی اے 19 غذر 1 کے 78 میں سے 24 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن کے ظفر محمد 2556 ووٹوں کے ساتھ پہلے نمبر پر ہیں جبکہ آزاد امیدوار نواز خان ناجی 2413 ووٹ لے کر ان کے تعاقب میں ہیں۔ جی بی اے 20 غذر 2 کے 69 میں سے 20 پولنگ اسٹیشنز پر آزاد امیدوار صفدر علی شیرازی 1530 ووٹ لے کر آگے اور مسلم لیگ ن کے عبدالجہاں 1504 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔ جی بی اے 22 گھانچے 1 کے ابتدائی نتائج میں 58 میں سے 2 پولنگ اسٹیشنز پر مسلم لیگ ن کے محمد ابراہیم ثنائی 279 ووٹ لے کر پہلے جبکہ پیپلز پارٹی کے عاشق حسین 261 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر ہیں۔ جی بی اے 23 گھانچے 2 کے 50 میں سے 6 پولنگ اسٹیشنز پر آزاد امیدوار انور علی 1328 ووٹ حاصل کر کے آگے ہیں جبکہ ایک اور آزاد امیدوار عبد الحمید 254 ووٹوں کے ساتھ پیچھے ہیں۔ تمام حلقوں کے حتمی نتائج کا اعلان پولنگ اسٹیشنز سے گنتی کا عمل مکمل ہونے کے بعد بتدریج کیا جائے گا۔

Scroll to Top