جی بی الیکشن، پختون ڈیجیٹل کو نتائج موصول ہونا شروع، ضابطۂ اخلاق کے مطابق نشر کیے جائیں گے

گلگت بلتستان اسمبلی کے انتخابات کے لیے پولنگ کا مقررہ وقت ختم ہوگیا ہے جبکہ مختلف حلقوں میں ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری ہے۔

الیکشن حکام کے مطابق پولنگ کا عمل بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہا، تاہم مقررہ وقت تک پولنگ اسٹیشنوں کے اندر موجود ووٹرز کو اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کی اجازت دی گئی۔

الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کے مطابق نتائج مرحلہ وار جاری کیے جائیں گے۔ اس دوران پختون ڈیجیٹل اور کو مختلف حلقوں سے غیر سرکاری نتائج موصول ہونا شروع ہوگئے ہیں، تاہم پختون ڈیجیٹل انتخابی ضابطہ اخلاق کی پابندی کرتے ہوئے نتائج جاری کریں گے۔

گلگت بلتستان کے انتخابی معرکے میں 8 خواتین سمیت مجموعی طور پر 403 امیدوار قسمت آزما رہے ہیں۔ سیاسی حلقوں اور مبصرین کی نظریں حکومت سازی کے لیے اہم سمجھے جانے والے اضلاع گلگت، دیامر، غذر اور ہنزہ پر مرکوز ہیں۔

تجزیہ کاروں کے مطابق گلگت کو سیاسی مرکز کی حیثیت حاصل ہے جبکہ سکردو اور دیامر بھی حکومت سازی میں فیصلہ کن کردار ادا کرسکتے ہیں۔ گلگت، سکردو اور دیامر میں برتری حاصل کرنے والی جماعت کے لیے حکومت بنانا نسبتاً آسان تصور کیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب غذر، نگر اور ہنزہ کے حلقے بھی ماضی میں کئی بار انتخابی نتائج کا رخ تبدیل کر چکے ہیں، جس کے باعث ان حلقوں کی سیاسی اہمیت بھی غیر معمولی ہے۔

پولنگ کے اختتام کے بعد اب تمام نظریں ووٹوں کی گنتی اور غیر سرکاری نتائج پر مرکوز ہیں، جو آئندہ حکومت کی تشکیل کے خدوخال واضح کریں گے۔

Scroll to Top