سیکیورٹی فورسز کی شمالی وزیرستان میں بڑی کارروائی، بھارتی سرپرستی میں سرگرم 27 دہشتگرد ہلاک

خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کے دوران بھارتی حمایت یافتہ 27 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے یہ کارروائی خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی اور میرانشاہ میں خوارج کے متعدد ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔

سیکیورٹی فورسز نے شدید اور طویل فائرنگ کے تبادلوں کے بعد گزشتہ 72 گھنٹوں کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 27 خوارج کو ہلاک کردیا ۔

پاک فوج کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔ یہ عناصر متعدد دہشت گرد کارروائیوں اور بے گناہ شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ہلاک کیے گئے خوارج کے اس گروہ کو ختم کرکے میر انشاہ میں ممتاز شخصیت شہید ملک سیف اللہ داوڑ کی ٹارگٹ کلنگ کا بدلہ لے لیا گیا ہے اور اس گھناؤنے جرم میں ملوث عناصر کو انجام تک پہنچا دیا گیا ہے۔

علاقے میں چھپے ہوئے باقی خوارج کے خاتمے کے لیے کلیئرنس اور سرچ آپریشنز بدستور جاری ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : پنجگور میں سیکیورٹی فورسز کا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، 6 خوارج ہلاک، بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد، آئی ایس پی آر

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان کی وفاقی ایپکس کمیٹی سے منظور شدہ وژن ’عزمِ استحکام‘ کے تحت پاکستان کی سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی غیر متزلزل انسداد دہشت گردی مہم پوری قوت کے ساتھ جاری رہے گی تاکہ ملک سے بیرونی سرپرستی اور معاونت سے چلنے والی دہشت گردی کے ناسور کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔

Scroll to Top