پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بلوچستان کے ضلع پنجگور میں 3 اور 4 جون کی درمیانی شب سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر کامیاب آپریشن کرتے ہوئے بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے 6 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا، کارروائی کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود، بارودی مواد اور ایک گاڑی بھی برآمد کی گئی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ہلاک دہشت گرد علاقے میں سکیورٹی فورسز اور شہریوں کے خلاف مختلف دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث تھے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے اور ممکنہ طور پر موجود دیگر دہشت گردوں کی تلاش کے لیے کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں تاکہ علاقے کو مکمل طور پر دہشت گرد عناصر سے پاک بنایا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں: بھارتی آرمی چیف کا بیان تاریخ اور جغرافیے سے لاعلمی کامنہ بولتا ثبوت ہے ، ڈی جی آئی ایس پی آر
فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ نے اپنے بیان میں کہا کہ ’’عزمِ استحکام‘‘ کے تحت دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں پوری قوت کے ساتھ جاری رہیں گی اور پاکستان سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔
آئی ایس پی آر نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کے لیے سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے مشترکہ طور پر پرعزم ہیں اور ملک میں امن و استحکام کے قیام تک آپریشنز کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔





