شہزاد نوید
سوات کے علاقے شکردرہ میں افضل گجر پر ہونے والی فائرنگ کے واقعے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) اور پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے مقدمے میں نامزد تین ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس کے مطابق افضل گجر کی مدعیت میں تھانہ سی ٹی ڈی میں دہشت گردی ایکٹ اور قتل سمیت دیگر سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہےجس میں مجموعی طور پر چھ افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔
گرفتار ہونے والے ملزمان میں سلیم، جان شیر اور ابراہیم شامل ہیں جن کا تعلق شکردرہ سے ہے۔ ایف آئی آر میں نامزد دیگر تین ملزمان باچا خان، ابراہیم اور مظفر عرف خالد کی گرفتاری کے لیے پولیس اور سی ٹی ڈی کی ٹیمیں مختلف مقامات پر چھاپے مار رہی ہیں اور حکام کا کہنا ہے کہ باقی ملزمان کو بھی جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں : سوات : ٹرانسپورٹ رہنما کی گاڑی پر فائرنگ، بیٹے سمیت 3 افراد جاں بحق، افضل گجر زخمی
واضح رہے کہ گزشتہ شب شکردرہ میں افضل گجر کی گاڑی پر گھات لگا کر اندھا دھند فائرنگ کی گئی تھی جس کے نتیجے میں ان کا بیٹا، بھتیجا اور گن مین جاں بحق جبکہ افضل گجر خود شدید زخمی ہو گئے تھے۔
اس لرزہ خیز واقعے کے بعد علاقے میں شدید کشیدگی پھیل گئی تھی اور متاثرہ خاندان نے لاشوں کے ہمراہ احتجاجی مظاہرہ بھی کیا تھا۔





