وزیراعلی سہیل آفریدی کی مفتی محمود مرکز آمد،مولانا فضل الرحمان سے ملاقات

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے مفتی محمود مرکز کا دورہ کیا جہاں انہوں نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے اہم ملاقات کی۔

اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف اور جے یو آئی (ف) کے سینیئر رہنما بھی موجود تھے۔

ملاقات میں اگلے مالی سال کے وفاقی بجٹ، صوبائی حقوق کے حصول کے لیے مشترکہ جدوجہد اور مرکز و صوبے کے درمیان جاری آئینی و معاشی معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر اعلیٰ محمد سہیل آفریدی نے گلہ کیا کہ وفاقی حکومت خیبرپختونخوا کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کر رہی ہے اور صوبے کو این ایف سی ایوارڈ میں ضم اضلاع کا جائز حصہ نہیں دیا جا رہا، جو کہ سراسر ناانصافی ہے۔

پنجاب حکومت اور وفاق کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پنجاب نے صوبے کے لیے گندم کی فراہمی بند کر رکھی ہے جبکہ وفاق گیس کی سپلائی میں رکاوٹیں کھڑی کر رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : وزیراعلی سہیل آفریدی کی احسن اقبال سمیت وفاقی حکومتی مذاکراتی ٹیم سے ملاقات

انہوں نے یاد دلایا کہ خیبرپختونخوا روزانہ 500 ایم ایم سی ایف ڈی سے زائد گیس پیدا کرتا ہے جبکہ ہماری ضرورت صرف 150 ایم ایم سی ایف ڈی ہے، اس کے باوجود صوبے کو محروم رکھنا آئین کے آرٹیکل 151 اور 158 کی صریح خلاف ورزی ہے۔

Scroll to Top