گورنر خیبرپختونخوا اور وفاقی وزیر اطلاعات کی ملاقات،آپریشن بنیان المرصوص میں وزارت اطلاعات کا کردار مثالی قرار

 گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی اور وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات کے درمیان اہم ملاقات ہوئی ہے جس میں ملک کی مجموعی سیاسی و انتظامی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اسلام آباد میں ہونے والی اس ملاقات کے دوران پاکستان دشمن بیانیے کے خلاف وزارت اطلاعات کے کردار کو خصوصی طور پر خراج تحسین پیش کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ آپریشن بنیان المرصوص کے معرکہ حق میں پاکستان کے سرکاری میڈیا کا مثبت اور ذمہ دارانہ صحافتی کردار انتہائی مثالی رہا ہے۔

گفتگو کے دوران وفاق اور صوبوں کے درمیان روابط کے فروغ اور حکومتی اداروں کے مابین اشتراکِ عمل کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ رہنماؤں نے ادارہ جاتی تعاون، رابطوں اور باہمی ہم آہنگی کو مزید مؤثر بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

دونوں رہنماؤں نے عوامی فلاح و بہبود، بہتر طرزِ حکمرانی اور قومی ترقی کے لیے مشترکہ کاوشوں کو جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ اس موقع پر ملک کی مجموعی صورتحال اور مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ سے متعلق امور بھی تفصیلی طور پر زیرِ غور آئے۔

یہ بھی پڑھیں : گورنر خیبرپختونخوا سے امریکی ناظم الامور کی ملاقات، صوبے میں سرمایہ کاری اور ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال

ملاقات کے اختتام پر گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وفاقی وزارت اطلاعات کے ڈیجیٹل کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹ کا خصوصی دورہ بھی کیا اور وہاں جاری کاموں کا جائزہ لیا۔

Scroll to Top