بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے لیے 6 وکلا کی فہرست جیل حکام کے حوالے، اہم قانونی امور پر مشاورت متوقع
اڈیالہ جیل میں قید بانی پی ٹی آئی سے وکلا کی ملاقات کے لیے 6 رکنی فہرست جیل حکام کے حوالے کر دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق فوکل پرسن اویس یونس چوہدری ایڈووکیٹ نے وکلا پر مشتمل فہرست جیل انتظامیہ کو جمع کرا دی، جنہیں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔
فہرست میں بیرسٹر گوہر، انتظار حسین پنجوتھہ، علی زمان، فیصل ملک، حنا جاوید اور اویس یونس چوہدری کے نام شامل ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات کے دوران مختلف قانونی اور عدالتی معاملات پر تفصیلی مشاورت کی جائے گی، جبکہ بانی پی ٹی آئی کے خلاف جاری مقدمات اور آئندہ قانونی حکمت عملی بھی زیرِ غور آنے کا امکان ہے۔
دوسری جانب بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کی جانب سے بھی اڈیالہ جیل میں ملاقات کی درخواست دی گئی ہے، اور ان کی آج جیل آمد متوقع ہے۔
سیاسی و قانونی حلقوں کی نظریں اس ملاقات پر مرکوز ہیں، جس میں اہم فیصلوں اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیے جانے کی توقع کی جا رہی ہے۔





