جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ فضل الرحمان اور ان کے صاحبزادے اسعد محمود سے فرنٹیئر کور (ایف سی) کی سیکیورٹی واپس لے لی گئی ہے، جبکہ ڈیرہ اسماعیل خان میں واقع ان کی رہائش گاہ پر تعینات سیکیورٹی اہلکاروں کو بھی ہٹا کر 15 منٹ کے اندر اپنی متعلقہ یونٹس میں رپورٹ کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔
اس پیش رفت پر تبصرہ کرتے ہوئے سیاسی و دفاعی مبصرین اور عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ یہ اقدام غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے۔ مبصرین کے مطابق جو عناصر ریاست اور سیکیورٹی اداروں کی پالیسیوں پر مسلسل تنقید کرتے ہیں، انہیں انہی اداروں کے جوانوں اور سرکاری وسائل پر مشتمل سیکیورٹی کا کوئی اخلاقی جواز حاصل نہیں ہے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یہ صورتحال فضل الرحمان کی دہائیوں پر محیط سیاست اور مبینہ دوہرے معیار کو سامنے لاتی ہے، کیونکہ ایک جانب وہ اپنے جلسوں اور بیانات میں ریاستی پالیسیوں، آئینی ڈھانچے اور سیکیورٹی اداروں کی کارکردگی پر تنقید کرتے ہیں اور سرحد پار عناصر کے حوالے سے نرم گوشہ رکھتے نظر آتے ہیں، تاہم اپنی اور خاندان کی حفاظت کے لیے انہی فورسز کے اہلکار، بلٹ پروف گاڑیاں اور سرکاری پروٹوکول استعمال کرتے رہے ہیں۔ مبصرین کے بقول یہ کھلا تضاد ہے کہ جن اداروں کے شہداء کے جنازوں پر خاموشی اختیار کی جائے، انہی کے اہلکاروں کو ذاتی محافظ بنا کر رکھا جائے۔
یہ بھی پڑھیں : نہ غداری ہے نہ سازش، نئے صوبوں کا مطالبہ انتظامی ضرورت ہے، دلیل کے بجائے دھمکیوں پر خالد مقبول صدیقی کا بلاول بھٹو کو سخت جواب
سیاسی و سماجی حلقوں نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ عوامی ٹیکسوں پر چلنے والی سیکیورٹی اور سرکاری پروٹوکول کو ذاتی استحقاق سمجھنے کا کلچر ختم ہونا چاہیے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق ماضی میں فضل الرحمان اپنے جلسوں اور دھرنوں میں لاکھوں کارکنوں اور طلبہ کی طاقت کے دعوے کرتے رہے ہیں، تاہم چند ایف سی اہلکاروں کی واپسی اور 15 منٹ میں رپورٹ کرنے کے حکم کے بعد پیدا ہونے والی بے چینی اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ اصل انحصار ریاستی تحفظ اور سرکاری مراعات پر رہا ہے۔
دوسری جانب اسی روز فضل الرحمان کے ایک مبینہ فرنٹ مین کے ناقابلِ ضمانت وارنٹِ گرفتاری جاری ہونے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔
قانونی و سیاسی مبصرین کے مطابق ایک طرف سرکاری سیکیورٹی و پروٹوکول کا خاتمہ اور دوسری جانب مبینہ فرنٹ مین کے خلاف وارنٹ کا اجرا اس امر کی عکاسی کرتا ہے کہ کسی بھی بااثر شخصیت کو قانون یا احتساب سے بالاتر نہیں سمجھا جائے گا۔
عوامی حلقوں میں ان اقدامات کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا جا رہا ہے کہ ریاستی اداروں پر تنقید کرنے والوں کو اب اپنے بیانیے کے ساتھ ساتھ مالی و انتظامی معاملات کا بھی حساب دینا ہوگا۔





