وزیر اطلاعات خیبرپختونخوا شفیع جان نے سنٹرل جیل پشاور کا دورہ کیا، جہاں انہیں قیدیوں کی فلاح و بہبود، اصلاحی سرگرمیوں اور انتظامی امور سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
دورے کے دوران صوبائی وزیر نے جیل کے مختلف بیرکس اور سیکشنز کا معائنہ کیا اور قیدیوں سے ملاقات کر کے ان کے مسائل اور ضروریات سے آگاہی حاصل کی۔ انہوں نے جیل میں قائم منشیات بحالی مرکز، لائبریری، پریزن انڈسٹری اور فنی تربیتی مراکز کا بھی دورہ کیا۔
شفیع جان نے قیدیوں کے لیے جاری آرٹ اور تخلیقی سرگرمیوں، آئی ٹی اور انگلش کورسز کی کلاسز سمیت مریضوں کے وارڈ کا بھی جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے قیدیوں کو فراہم کی جانے والی خوراک، طبی سہولیات اور بحالی پروگراموں کا تفصیلی مشاہدہ کیا۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ حکومت قیدیوں کو معاشرے کا مفید شہری بنانے اور ان کی اصلاح کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کا وژن جیلوں کو صرف قید خانوں سے بڑھا کر اصلاح، تربیت اور بحالی کے مراکز میں تبدیل کرنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اصلاحات کے تحت قیدیوں کو تعلیم، ہنر اور دیگر ضروری سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، جبکہ جیل انڈسٹری اور فنی تربیتی مراکز قیدیوں کو خود انحصار بنانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
شفیع جان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جیلوں میں مزید اصلاحی نظام متعارف کرایا جا رہا ہے تاکہ رہائی کے بعد قیدی باعزت اور باوقار زندگی گزار سکیں۔ انہوں نے جیل عملے کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔





