چارسدہ: مختلف واقعات میں خاتون سمیت 3 افراد قتل، ایک لاش برآمد

الف خان شیرپاؤ

ضلع چارسدہ میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران قتل و غارت گری کے دو خوفناک واقعات جس کے نتیجے میں ایک خاتون سمیت 3 افراد جاں بحق اور ایک شدید زخمی ہوا ہے جبکہ لاوارث لاش برآمد ہوئی ہے۔

پہلا افسوسناک واقعہ گھریلو ناچاقی کے نتیجے میں سرکی روڈ مڑوندے پل کے نزدیک پیش آیا، جہاں ڈی ایچ کیو ہسپتال چارسدہ میں تعینات خاتون او ٹی سرجیکل ٹیکنیشن مسمات (ک) کو اس کے اپنے ہی شوہر نے بے رحمی سے قتل کر دیا۔

مقتولہ ڈیوٹی ختم کر کے چنگ چی رکشے میں گھر واپس جا رہی تھی کہ شوہر نے اسے رکشے سے اتارا، شدید تشدد کا نشانہ بنایا اور پھر فائرنگ کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا۔ پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

دوسرا خونی واقعہ تنگی کے سنگم، تھانہ پڑانگ غار کی حدود کے علاقے غلام کوہی میں پیش آیا، جہاں معمولی زبانی تکرار اس وقت ہولناک صورت اختیار کر گئی جب مخالفین نے اندھا دھند فائرنگ کر دی۔

فائرنگ کے نتیجے میں سبز علی ولد شیر علی اور نیاز علی موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ محمد ولد سبز علی شدید زخمی ہو گیا۔ زخمی نوجوان کو تشویشناک حالت میں فوری طور پر پشاور ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

ادھر ترناب کی حدود سے ایک لاوارث لاش برآمد ہوئی ہےجس نے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کی کارکردگی پر کئی سوالیہ نشان کھڑے کر دیے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : چارسدہ:مضر صحت ربڑی دودھ پینے سے ایک ہی خاندان کے 9 افراد کی حالت غیرہوگئی

مکینوں کے مطابق لاش کی موجودگی کی اطلاع کے باوجود نہ تو پولیس موبائل موقع پر پہنچی اور نہ ہی ریسکیو 1122 کے اہلکار وہاں موجود تھے۔ بالآخر علاقہ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت لاش کو چنگ چی رکشے میں منتقل کیا اور سپردِ خاک کیا۔

شہریوں نے صوبائی حکومت اور ضلعی انتظامیہ کی اس سنگین غفلت پر شدید تشویش اور برہمی کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے حساس معاملات میں ادارے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔

Scroll to Top