الف خان شیرپاؤ
چارسدہ کی تحصیل تنگی کے علاقے اختر آباد میں مبینہ طور پر مضرِ صحت ربڑی دودھ پینے سے ایک ہی گھر کے 9 افراد کی حالت غیر ہو گئی جنہیں تشویشناک حالت میں فوری طور پر مقامی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
متاثرین میں 6 معصوم بچے اور 3 خواتین بھی شامل ہیں جنہیں ڈاکٹروں کی جانب سے ہنگامی طبی امداد دی جا رہی ہے۔
اسپتال ذرائع کے مطابق متاثرہ افراد میں 55 سالہ خالد، 32 سالہ زوجہ راشد، 26 سالہ بنت ہلال اور بچوں میں دو سالہ اذلان، ہرین خدیجہ، چار سالہ عائشہ، چھ سالہ سدیس اور آٹھ سالہ سنینہ شامل ہیں۔
ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ تمام متاثرین تنگی کے ہی رہائشی ہیں اور ان کی حالت پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : چارسدہ: ایف آئی اے کا نادرا سینٹر پر چھاپہ، 4 نادرا اہلکار گرفتار
واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر تنگی نے فوڈ اتھارٹی کی ٹیم کے ہمراہ متعلقہ دکان پر فوری چھاپہ مارا اور وہاں موجود ربڑی دودھ کے نمونے لیبارٹری ٹیسٹ کے لیے قبضے میں لے لیے۔
پولیس اور انتظامیہ کی جانب سے واقعے کی مزید قانونی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں تاکہ اصل حقائق سامنے لائے جا سکیں۔





