شمالی وزیرستان میں آپریشن آئرن فِسٹ-3 کامیابی سے جاری، 4 اہم سرغنوں سمیت 62 دہشتگرد ہلاک، 14 مراکز اور ٹھکانے تباہ

شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے جاری آپریشن آئرن فِسٹ-3 کے دوران 4 اہم سرغنوں سمیت 62 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق یکم جون سے 12 جون تک میرانشاہ کے نواحی علاقوں پلنگزئی، خوزئی اور ندیم کوٹ میں جاری آپریشن کے دوران دہشتگردوں کے مضبوط ٹھکانوں کے خلاف مرحلہ وار کارروائیاں کی گئیں، آپریشن میں ٹینکوں، بکتر بند گاڑیوں، بارڈر سیکیورٹی اور کوئیک ری ایکشن فورسز نے بھی حصہ لیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران دہشتگردوں کے 14 مراکز اور ٹھکانے تباہ کیے گئے جن میں زیرِ زمین سرنگیں بھی شامل تھیں، جبکہ بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی تباہ کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق یکم سے 3 جون کے دوران ندیم کوٹ اور خوزئی میں 28 دہشتگرد مارے گئے جبکہ 4 سے 12 جون تک پلنگزئی میں سرچ اور کلیئرنس آپریشن کے دوران مزید 34 دہشتگرد ہلاک ہوئے۔

ذرائع کے مطابق پلنگزئی سے 4 اہم دہشتگرد کمانڈروں کی لاشیں برآمد کی گئیں اور 8 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔

کارروائی کے دوران ایک کم عمر یتیم بچے کو بھی بازیاب کرایا گیا، جسے مبینہ طور پر دہشتگردوں نے قید میں رکھا ہوا تھا۔

آپریشن کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا جن میں مشین گنز، سب مشین گنز، ایم-16 رائفلیں، آر پی جی-7، راکٹس، بارودی مواد اور آئی ای ڈیز شامل ہیں۔

ذرائع کے مطابق علاقے میں سرچ اور کلیئرنس آپریشن تاحال جاری ہے جبکہ سیکیورٹی فورسز دہشتگردی کے خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔

Scroll to Top