خیبرپختونخوا میں یکم محرم الحرام کو عام تعطیل کا اعلان

خیبرپختونخوا حکومت نے یکم محرم الحرام کے مقدس موقع پر صوبے بھر میں عام تعطیل کا اعلان کر دیا ہے۔

محکمہ ایڈمنسٹریشن کی جانب سے جاری کردہ باضابطہ اعلامیہ کے مطابق اس چھٹی کا انحصار چاند نظر آنے پر ہوگا۔ چاند کی رویت ہوتے ہی صوبے کے تمام سرکاری دفاتر اور تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔

دوسری جانب محرم الحرام اور نئے اسلامی سال کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی کا اہم اجلاس آج منعقد کیا جا رہا ہے۔ اجلاس کی صدارت کمیٹی کے چیئرمین مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد کریں گے۔

اجلاس میں کمیٹی کے مستقل ارکان کے ساتھ ساتھ محکمہ موسمیات، سپارکو اور وزارتِ سائنس و ٹیکنالوجی کے ماہرین بھی تکنیکی معاونت کے لیے شریک ہوں گے۔

مرکزی اجلاس کے ساتھ ہی ملک کے دیگر بڑے شہروں اور وفاقی دارالحکومت میں زونل کمیٹیوں کے اجلاس بھی بیک وقت ہوں گے۔

مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد تمام زونل کمیٹیوں سے ملنے والی رپورٹس اور شرعی شہادتوں کا باریک بینی سے جائزہ لینے کے بعد چاند کی رویت کا حتمی اور باضابطہ اعلان کریں گے۔

Scroll to Top