اسلام آباد: حکومتِ پاکستان نے عام شہریوں کیلئے سرمایہ کاری کے نئے مواقع فراہم کرتے ہوئے ٹریژری بلز کو باضابطہ طور پر موبائل ایپ پر متعارف کرا دیا، جس کے تحت صارفین اب صرف 5 ہزار روپے سے حکومتی سرمایہ کاری میں حصہ لے سکیں گے۔
وفاقی وزیرِ خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے اسلام آباد میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران اس سہولت کا باقاعدہ افتتاح کیا۔
حکام کے مطابق پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار شہری اپنے موبائل فون کے ذریعے براہِ راست حکومتی سرمایہ کاری کے آلے میں سرمایہ کاری کر سکیں گے۔
اس اقدام کو وزارتِ خزانہ، اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور متعلقہ مائیکروفنانس بینکنگ اداروں کے باہمی اشتراک سے عملی شکل دی گئی ہے، جس کا مقصد سرمایہ کاری کے مواقع کو عام آدمی تک پہنچانا ہے۔
تقریب میں مشیرِ وزیرِ خزانہ خرم شہزاد، ڈیٹ مینجمنٹ کے مشیر عمر ایم خان، متعلقہ مالیاتی اداروں کے چیئرمین عامر ابراہیم، چیف ایگزیکٹو آفیسر مرتضیٰ علی، حارث محمود چوہدری اور دیگر اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔
یہ بھی پڑھیں : قیامِ امن کیلئے حکومتِ پاکستان، فیلڈ مارشل، نائب وزیراعظم اور وزیر داخلہ سرگرمِ عمل رہے، وزیر اعظم
حکام کا کہنا ہے کہ نئی سہولت کے ذریعے ملک بھر کے صارفین کم از کم 5 ہزار روپے کی سرمایہ کاری سے حکومتی ٹریژری بلز میں سرمایہ لگانے کا آغاز کر سکتے ہیں، جبکہ مکمل ڈیجیٹل نظام کے تحت محفوظ اور سرکاری ضمانت یافتہ سرمایہ کاری تک آسان رسائی بھی حاصل ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ اقدام مالیاتی شمولیت کے فروغ، سرمایہ کاری کے مواقع کو عام کرنے اور زیادہ سے زیادہ افراد کو دستاویزی معیشت کا حصہ بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت ثابت ہوگا۔





