اورکزئی،قبر کھودنے کے دوران آسمانی بجلی گرنے سے 3افراد جاں بحق

خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع اورکزئی کے علاقے میربک میں قوم فیروزخیل کے قبرستان میں تدفین کے لیے قبر کھودنے کے دوران اچانک آسمانی بجلی گرنے کے نتیجے میں 3 مقامی افراد موقع پر ہی جاں بحق اور 4 شدید زخمی ہو گئے ہیں۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) اورکزئی شوکت علی اور ضلعی انتظامیہ کے مطابق یہ دلخراش واقعہ اس وقت پیش آیا جب مقامی قبیلے کے لوگ تھانہ کلایا کی حدود میں ایک مرحوم عابداللہ کی تدفین کے لیے قبر کی تیاری میں مصروف تھے کہ اچانک موسم کی شدید خرابی کے باعث ان پر اسمانی بجلی گرگئی، جس کی زد میں آکر قبرستان میں موجود کئی افراد بری طرح جھلس گئے۔

واقعے کے فوری بعد آس پاس موجود مقامی لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کارروائیاں شروع کیں اور لاشوں سمیت تمام زخمیوں کو فوری طور پر کلایا اسپتال منتقل کیا۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی ڈپٹی کمشنر اورکزئی محمد عرفان الدین کی خصوصی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر لوئر اورکزئی عمر مختار، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر محمد سمیر خان اور تحصیلدار فضل رحیم فوری طور پر کلایا اسپتال پہنچے، جہاں انہوں نے زخمیوں کو فراہم کی جانے والی طبی امداد اور ہسپتال میں ایمرجنسی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔

ضلعی انتظامیہ کے حکام کا کہنا ہے کہ انتظامیہ متاثرہ خاندانوں کے ساتھ مکمل تعاون کر رہی ہے اور صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔

ہسپتال ذرائع اور انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق اس ناگہانی واقعے میں جاں بحق ہونے والوں میں رحمان گل ولد اکاحیل (قوم آفریدی)، مراد (قوم فیروزخیل) اور سید اسلام ولد میر شاہ خان (سکنہ ضلع اورکزئی) شامل ہیں۔

حادثے میں زخمی ہونے والوں میں عدنان ولد منیر، عبدالولی ولد ولی محمد، عامر خان ولد عید رحمن اور محمد یاسین ولد عبدالصمد خان شامل ہیں، جن کا تعلق قوم فیروزخیل سے ہے اور ان کا ہسپتال میں علاج جاری ہے۔

Scroll to Top