دیامر میں سیلابی ریلوں سے تباہی، منیکال روڈ تیسری بار متاثر، ہزاروں افراد مشکلات کا شکار

ضلع دیامر میں سیلابی ریلوں نے ایک بار پھر تباہی مچا دی ہے جس کے باعث منیکال روڈ بشے گہ کلوٹ کے مقام پر تیسری مرتبہ شدید نقصان پہنچا ہے۔

رابطہ سڑک بند ہونے کے نتیجے میں متعدد دیہات کا زمینی رابطہ منقطع ہو گیا ہے جس سے ہزاروں افراد متاثر ہوئے ہیں اور ان کی روزمرہ زندگی بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔

سڑک کی بندش کے باعث مریضوں کو اسپتالوں تک پہنچنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے جبکہ ایمرجنسی صورتحال میں تشویش مزید بڑھ گئی ہے۔

اسی طرح طلبہ و طالبات تعلیمی اداروں تک رسائی سے محروم ہو گئے ہیں، جس سے تعلیمی سرگرمیوں کے متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔

سیلابی ریلوں نے اشیائے خوردونوش اور دیگر ضروری سامان کی ترسیل بھی متاثر کر دی ہے جس کے باعث مقامی آبادی شدید مشکلات سے دوچار ہے۔ آمدورفت معطل ہونے سے متعدد مسافر مختلف مقامات پر پھنس گئے ہیں۔

صورتحال کے پیش نظر شہریوں کو متبادل راستوں کا استعمال کرنا پڑ رہا ہے جس سے سفری اخراجات اور مشکلات میں اضافہ ہو گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی ،این ڈی ایم کا الرٹ جاری

مقامی افراد اور ماہرین نے بار بار سڑک کی تباہی پر تعمیراتی معیار اور حفاظتی اقدامات پر سوالات اٹھائے ہیں، متاثرہ علاقوں کے مکینوں نے مستقل اور پائیدار حل کا مطالبہ کرتے ہوئے عارضی مرمت کو ناکافی قرار دیا ہے۔

سیلابی موسم میں بنیادی انفراسٹرکچر کی غیر یقینی صورتحال نے عوام میں عدم تحفظ کا احساس بڑھا دیا ہے، جبکہ شہریوں نے فوری بحالی، حفاظتی پشتوں کی تعمیر اور جامع منصوبہ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔

مقامی آبادی کا کہنا ہے کہ منیکال روڈ کی مسلسل تباہی نے حکومتی کارکردگی پر بھی سوالیہ نشان لگا دیا ہے اور وہ فوری عملی اقدامات کی منتظر ہے۔

Scroll to Top