محکمہ موسمیات نے ملک میں مون سون بارشوں کے آغاز کے حوالے سے اہم پیشگوئی جاری کر دی ہے، جس کے مطابق یکم جولائی سے مختلف علاقوں میں بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے۔
ترجمان محکمہ موسمیات انجم نذیر کے مطابق مون سون سسٹم سب سے پہلے شمال مشرقی پنجاب اور آزاد کشمیر میں داخل ہوگا، جہاں یکم جولائی سے بارشوں کا آغاز متوقع ہے۔ ان کے مطابق اس دوران شمالی علاقوں اور پنجاب کے بعض حصوں میں وقفے وقفے سے بارشیں ہو سکتی ہیں، جس سے موسم خوشگوار ہونے کا امکان ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ سندھ میں فوری طور پر مون سون کی باقاعدہ آمد نظر نہیں آ رہی، اور 5 جولائی تک صوبے میں بارش کے امکانات بھی نہ ہونے کے برابر ہیں۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ خلیج بنگال میں بننے والا کم دباؤ کا سسٹم مستقبل میں سندھ اور کراچی کے موسم پر اثر انداز ہو سکتا ہے۔
انجم نذیر کے مطابق اس سال مون سون کے دوران سندھ میں معمول سے کم بارشوں کا امکان ہے، جس سے خطے میں خشک موسم کا تسلسل برقرار رہ سکتا ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ خطے میں مجموعی موسمی صورتحال غیر یقینی ہے، کیونکہ بھارت میں بھی جون کے دوران معمول سے 43 فیصد کم بارشیں ریکارڈ کی گئی ہیں۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ دنوں میں موسم کی صورتحال میں تبدیلی متوقع ہے اور شہریوں کو اپ ڈیٹس سے باخبر رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔





