دبئی: متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں رہائشی یا سیاحتی ویزا رکھنے والے افراد اب چند سیکنڈز میں آن لائن اپنے ویزا کی موجودہ صورتحال اور معیاد چیک کر سکتے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یو اے ای کی وفاقی اتھارٹی برائے شناخت، شہریت، کسٹمز اور پورٹ سکیورٹی (آئی سی پی) نے علاقائی صورتحال سے متاثر ہونے والے افراد کے لیے 30 دن کی خصوصی رعایتی مدت کا اعلان کیا ہے۔
اس رعایتی مدت کے دوران متاثرہ افراد بغیر جرمانے کے اپنے ویزا اسٹیٹس کو درست کروا سکتے ہیں یا متحدہ عرب امارات سے قانونی طریقے سے روانہ ہو سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : امریکا ایران مفاہمت کے بعد برطانیہ نے یو اے ای کیلئے ٹریول ایڈوائزری اپڈیٹ کر دی
رپورٹس کے مطابق یہ سہولت 9 جولائی 2026 تک جاری رہے گی۔ اس میں وہ افراد شامل ہیں جو خطے کے غیر معمولی حالات کے باعث یو اے ای سے بروقت روانہ نہیں ہو سکے تھے اور جن کے ویزا ختم ہونے پر جرمانوں کا سامنا ہو سکتا تھا۔
حکام کے مطابق اگر کسی شخص کا ویزا حالیہ حالات سے متاثر ہوا ہے اور وہ ابھی تک اسے قانونی حیثیت نہیں دے سکا، تو وہ آن لائن سروسز کے ذریعے اپنا ویزا اسٹیٹس چیک کر سکتا ہے۔
دبئی سے جاری ویزا چیک کرنے کا طریقہ
اگر انٹری پرمٹ یا رہائشی ویزا دبئی سے جاری ہوا ہے تو اس کی تصدیق جنرل ڈائریکٹوریٹ آف ریزیڈنسی اینڈ فارن افیئرز (GDRFA) دبئی کی ویب سائٹ سے کی جا سکتی ہے۔
ویزا اسٹیٹس چیک کرنے کے لیے صارفین کو GDRFA کی ویب سائٹ پر جا کر ویزا اسٹیٹس سروس منتخب کرنا ہوگی، پھر تلاش کا طریقہ منتخب کرکے مطلوبہ معلومات درج کرنا ہوں گی۔
صارفین ایپلیکیشن نمبر، فائل نمبر یا دیگر دستیاب معلومات کے ذریعے ریکارڈ تلاش کر سکتے ہیں۔ فائل نمبر رہائشی ویزا دستاویز یا یو اے ای پاس ایپ پر بھی دستیاب ہو سکتا ہے، جبکہ سیاحوں کے لیے یہ انٹری پرمٹ دستاویز پر موجود ہوتا ہے۔
تفصیلات درج کرنے کے بعد کیپچا مکمل کرکے سرچ پر کلک کرنا ہوگا، جس کے بعد ویزا سے متعلق معلومات سامنے آ جائیں گی۔
دیگر امارات کے ویزا کی تصدیق کا طریقہ
اگر ویزا ابوظہبی، شارجہ، عجمان، ام القوین، راس الخیمہ یا فجیرہ سے جاری ہوا ہے تو ویزا اسٹیٹس آئی سی پی کے آن لائن پلیٹ فارم سے چیک کیا جا سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : سوئٹزرلینڈ مذاکرات میں آبنائے ہرمز کھلا رکھنے پر اچھی پیش رفت ہوئی، امریکی سفارتکار
اس کے لیے آئی سی پی کی آن لائن سروسز میں جا کر پبلک سروسز کا انتخاب کرنا ہوگا، پھر فائل ویلیڈیٹی کے آپشن پر کلک کرنا ہوگا۔
صارفین فائل نمبر یا پاسپورٹ معلومات کے ذریعے تلاش کر سکتے ہیں۔ رہائشی ویزا کے لیے Residency جبکہ وزٹ ویزا کے لیے Visa کا انتخاب کرنا ہوگا۔
اس کے بعد یونیفائیڈ آئی ڈی نمبر، فائل نمبر، ایمریٹس آئی ڈی یا پاسپورٹ نمبر میں سے کوئی ایک معلومات درج کرکے تاریخ پیدائش اور کیپچا مکمل کرنا ہوگا۔
سرچ مکمل ہونے کے بعد سسٹم ویزا کی اہم تفصیلات فراہم کرے گا، جن میں فائل نمبر، یونیفائیڈ آئی ڈی نمبر، ویزا فائل اسٹیٹس، اجرا کی تاریخ اور ویزا ختم ہونے کی تاریخ شامل ہوگی۔





