پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے وفات پانے والے سرکاری ملازمین اور طبی بنیادوں پر ریٹائر ہونے والے ملازمین کے بچوں کے کوٹے سے متعلق نئی ہدایات جاری کر دی ہیں۔
صوبائی حکومت نے سپریم کورٹ اور وفاقی آئینی عدالت کے فیصلوں پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے تمام انتظامی محکموں کو مراسلہ ارسال کر دیا ہے، جس میں کوٹہ کیسز کے حوالے سے نئی پالیسی سے آگاہ کیا گیا ہے۔
حکومتی مراسلے کے مطابق 26 ستمبر 2024 کے بعد وفات پانے والے یا طبی بنیادوں پر ریٹائر ہونے والے سرکاری ملازمین کے بچوں کو کوٹے کی بنیاد پر نئی بھرتی نہیں دی جائے گی۔
مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ 26 ستمبر 2024 سے پہلے پیدا ہونے والے کوٹہ کیسز کو متعلقہ قوانین کے مطابق نمٹایا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں : بجٹ میں الیکٹرک گاڑیوں سے متعلق حکومت کا بڑا اعلان
صوبائی حکومت کے مطابق زیر التوا کوٹہ کیسز کا فیصلہ ہر کیس کے الگ حقائق، میرٹ اور قانونی حیثیت کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جائے گا۔ تمام انتظامی محکموں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ہر معاملے کا انفرادی جائزہ لے کر عدالتی فیصلوں کی روشنی میں کارروائی کریں۔
مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ متوفی سرکاری ملازمین کے بچوں کے کوٹے سے متعلق ایسے کیسز جن پر شکوک و شبہات ہوں، انہیں قانونی رائے کے لیے محکمہ قانون کو بھیجا جائے گا۔
محکمہ ہیومن ریسورس مینجمنٹ خیبرپختونخوا نے تمام صوبائی محکموں اور ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ حکومت کی جانب سے جاری احکامات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔





