برگن اسٹاک: امریکا اور ایران کے درمیان سوئٹزرلینڈ کے شہر برگن اسٹاک میں ہونے والے تکنیکی مذاکرات کے پہلے مرحلے کا مشترکہ اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے۔ اعلامیے کے مطابق مذاکرات میں قطر اور پاکستان نے ثالثی کا کردار ادا کیا۔
مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت اعلیٰ سطحی مذاکرات کا پہلا اجلاس مکمل ہو گیا، جس میں امریکا، ایران، قطر اور پاکستان کے نمائندوں نے شرکت کی۔
اعلامیے کے مطابق مذاکرات کا ماحول مثبت اور تعمیری رہا، جبکہ فریقین نے مزید تکنیکی مذاکرات کیلئے طریقہ کار طے کرنے پر پیش رفت کی ہے۔
Joint Statement by the State of Qatar and the Islamic Republic of Pakistan Regarding The Conclusion of Lake Lucerne Summit, First High-Level Committee Meeting with Participation of the United States of America and the Islamic Republic of Iran
Lucerne | June 22, 2026
The first… pic.twitter.com/bLVpaR2uua
— Ministry of Foreign Affairs – Qatar (@MofaQatar_EN) June 22, 2026
اعلامیے میں بتایا گیا کہ فریقین نے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی کے قیام پر اتفاق کیا ہے جو مذاکراتی عمل کی سیاسی نگرانی کرے گی۔ چیف مذاکرات کار کمیٹی کو باقاعدگی سے رپورٹ کریں گے، جبکہ ورکنگ گروپس جوہری معاملات، پابندیوں، نگرانی اور تنازعات کے حل سمیت دیگر امور پر کام کریں گے۔
مشترکہ اعلامیے کے مطابق اعلیٰ سطحی کمیٹی نے 60 روز کے اندر حتمی معاہدے تک پہنچنے کیلئے روڈ میپ پر اتفاق کیا ہے، جس کے بعد مزید تکنیکی مذاکرات فوری شروع کیے جائیں گے۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ فریقین کے درمیان ایک رابطہ لائن بھی قائم کی گئی ہے تاکہ غلط فہمیوں اور کسی بھی ممکنہ واقعے سے بچا جا سکے، جبکہ آبنائے ہرمز سے تجارتی جہازوں کی محفوظ آمدورفت کو یقینی بنانے پر بھی توجہ دی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں : سوئٹزرلینڈ میں 4 فریقی مذاکرات مکمل، ایرانی وفد واپس روانہ، سرکاری میڈیا
مزید کہا گیا کہ فریقین کے درمیان کشیدگی میں کمی کیلئے ایک ڈی کنفلکشن سیل کے قیام پر بھی اتفاق ہوا ہے، جس میں ثالث ممالک کا کردار شامل ہوگا۔
اعلامیے کے مطابق مذاکراتی عمل آنے والے دنوں میں بھی جاری رہے گا، جبکہ پاکستان اور قطر نے امریکا اور ایران کی جانب سے سفارتی حل کیلئے جاری کوششوں کو سراہا ہے۔
مشترکہ اعلامیے میں ثالث ممالک نے مذاکرات کے پرامن اور تعمیری انداز میں جاری رہنے کیلئے اپنا کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔





