لندن: ایف آئی ایچ ہاکی پرو لیگ میں پاکستان کے قومی پرچم کی غلط نمائش پر پرو لیگ انتظامیہ نے پاکستان ہاکی فیڈریشن سے باضابطہ تحریری معذرت کرلی۔
ایف آئی ایچ ہاکی پرو لیگ کی ڈائریکٹر ہیلری اٹکنسن نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی کے نام خط میں پاکستانی پرچم کی غلط نمائش پر غیر مشروط معذرت کا اظہار کیا۔
یہ واقعہ لندن میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ایف آئی ایچ پرو لیگ میچ سے قبل قومی ترانوں کی تقریب کے دوران پیش آیا، جہاں پاکستان کے پرچم میں سفید رنگ کا حصہ شامل نہیں تھا۔
ایف آئی ایچ انتظامیہ نے خط میں کہا کہ کسی بھی ٹیم کا قومی پرچم اس کی شناخت، فخر اور نمائندگی کی اہم علامت ہوتا ہے۔ اس غلطی سے پاکستان ٹیم، اس کے حامیوں، پاکستانی عوام اور پاکستان ہاکی فیڈریشن کی دل آزاری ہوئی جس پر گہرا افسوس ہے۔
ہیلری اٹکنسن نے واقعے کی مکمل ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک انتظامی غلطی تھی، جبکہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے تمام انتظامی اور آپریشنل طریقہ کار کا دوبارہ جائزہ لیا جائے گا۔
انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ آئندہ کسی بھی ٹیم کے قومی تشخص اور وقار سے متعلق ایسی کوتاہی دوبارہ نہیں ہونے دی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں : محمد رضوان ان فٹ، دورہ ویسٹ انڈیز سے باہر ہونے کا خدشہ
ایف آئی ایچ پرو لیگ انتظامیہ نے پاکستان ہاکی فیڈریشن اور قومی ٹیم کی پرو لیگ میں شرکت کو سراہتے ہوئے کہا کہ تمام ٹیموں کے ساتھ احترام اور پیشہ ورانہ رویہ برقرار رکھنا ان کی اولین ترجیح ہے۔
دوسری جانب پاکستان ہاکی ٹیم کے منیجر خواجہ جنید نے کہا ہے کہ غلط پاکستانی پرچم کی نمائش پر ایف آئی ایچ سے احتجاج ریکارڈ کرایا گیا، جس پر انتظامیہ نے باقاعدہ معافی مانگ لی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ایف آئی ایچ کی جانب سے خط کے ذریعے بھی پاکستان ہاکی فیڈریشن سے معذرت کی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ پاک بھارت میچ سے قبل قومی ترانوں کی تقریب کے دوران بچوں کے ہاتھوں میں موجود پاکستانی جھنڈے سے سفید رنگ غائب تھا۔





