نورعلی وزیر
جنوبی وزیرستان کے اپر اور لوئر اضلاع میں امن و امان کی صورتحال کشیدہ ہو گئی ہے جہاں سیکیورٹی کے دو الگ الگ بڑے واقعات پیش آئے ہیں۔ نامعلوم مسلح افراد نے ایک کارروائی میں پولیس ایس ایچ او سمیت 7 اہلکاروں کو اغوا کر لیا جبکہ دوسری کارروائی میں ایک سرکاری تعلیمی ادارے کی عمارت کو بارودی مواد سے اڑا دیا۔
پہلاواقعے میں جنوبی وزیرستان لوئر کی تحصیل برمل کے علاقے سرہ غاڑہ میں نامعلوم افراد نے ایک سرکاری پرائمری سکول کی عمارت کو بارودی مواد سے اڑا دیا۔
دھماکے کے نتیجے میں سکول کی عمارت کو شدید نقصان پہنچا اور اس کا بڑا حصہ تباہ ہو گیا تاہم کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔
دوسری جانب جنوبی وزیرستان اپر کی تحصیل سراروغہ میں نامعلوم مسلح افراد نے ایس ایچ او احمد شاہ اور ان کے ساتھ 6 اہلکاروں کو اغوا کر لیا۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ایس ایچ او اپنے عملے کے ہمراہ ایک دھماکے کے مقام سے واپس آ رہے تھے کہ راستے میں مسلح افراد نے ناکہ بندی کر کے انہیں روک لیا اور اپنے ساتھ لے گئے۔
یہ بھی پڑھیں : شمالی وزیرستان میں بڑا آپریشن! سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 21 دہشتگرد انجام کو پہنچ گئے
واقعے کے بعد پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادروں نے مغویوں کی بازیابی کے لیے علاقے میں ناکہ بندیاں سخت کر کے بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔





