نویں اور دسویں محرم الحرام کے دوران سکیورٹی انتظامات کے پیش نظر پنجاب کے مختلف شہروں میں عوامی ٹرانسپورٹ کی بعض سروسز عارضی طور پر معطل رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے مطابق لاہور، راولپنڈی اور ملتان میں میٹرو بس، الیکٹرک بس اور سپیڈو بس سروس مقررہ مدت کے لیے بند رہے گی۔ یہ اقدام محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کے دوران سیکیورٹی اقدامات کو مزید مؤثر بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔
دوسری جانب صوبائی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے محرم الحرام کے موقع پر سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔ حساس مقامات، جلوسوں کے روٹس اور اہم عوامی مقامات پر اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے جبکہ نگرانی کے نظام کو بھی مزید سخت اور مؤثر بنایا گیا ہے۔
حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ٹریفک پولیس اور انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں اور سفر سے قبل متبادل سفری راستوں اور سہولیات سے متعلق معلومات ضرور حاصل کریں۔





